• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم اوورسیز پاکستانیوں کو اہمیت دیتے ہیں، سینیٹر وسیم شہزاد

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور سینیٹر ڈاکٹر وسیم شہزادنے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے دل میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی اہمیت سب سے زیادہ ہے جنہوں نے ہر مشکل وقت میں اُن کی آواز پر لبیک کہا ہے، اس کے علاوہ پاکستان کے لیے ہر موقع پر قربانیاں دینے والے بھی بیرون ملک مقیم پاکستانی ہیں۔

ڈاکٹر وسیم شہزاداِن دنوں جاپانی حکومت کی دعوت پر جاپان میں ہیں، گزشتہ دنوں پاکستان تحریک انصاف جاپان کے سابق صدر جاوید نیازی کی دعوت اور سفارتخانہ پاکستان کے تعاون سے پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے خصوصی تقریب میں شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اُنہیں جاوید نیازی کی جانب سے پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا گیا ہے جس میں استعمال شدہ گاڑیوں کی پاکستان برامد پر لگائی جانے والی سخت شرائط، موبائل فون پر بڑھائی جانے والی ڈیوٹی اور جاپان سے قومی ایئر لائن کی بندش جیسے مسائل قابل ذکر ہیں وہ یقین دلاتے ہیں وہ ان اہم ترین مسائل سے وزیر خزانہ اسد عمر اور وزیر اعظم عمران خان کو آگاہ کریں گے۔

اس موقع پر تحریک انصاف جاپان کے رہنماؤں چوہدری نوید ، ملک احسان ،مہر عظیم اور احد بٹ بھی موجود تھے جبکہ سفارتخانے کے تھرڈ سیکریٹری مرزا سمیت بیگ بھی سینٹر وسیم شہزاد کے ہمراہ تھے۔

تقریب کے دوران اُس وقت کچھ بدنظمی دیکھنے میں آئی، جب تحریک انصاف جاپان کے صدر سعید بھٹی بھی تقریب میں اپنے کارکنان کے ساتھ پہنچ گئے اور تقریب کو اپنی مرضی سے چلانے کی کوشش کی۔

اس پر تحریک انصاف جاپان کے سابق صدر جاوید نیازی نے کہا کہ احمد سعید بھٹی جن انتخابات کے ذریعے صدر بنے وہ متنازع تھے یہی وجہ ہے کہ تحریک انصاف کی آفیشل ویب سائٹ پر ان کا نام تک موجود نہیں ہے جبکہ آج کی تقریب پاکستانی کمیونٹی کی تقریب ہے جس میں کسی سیاسی جماعت کو دعوت نہیں دی گئی ہے۔

دوسری جانب سعید بھٹی کا کہنا ہے کہ وہ الیکشن کے ذریعے صدر بنے ہیں ان کے پاس دسمبر 2019ء تک کا نوٹیفیکیشن ہے اور وہ آج کی تقریب میں ڈاکٹر وسیم شہزاد کی دعوت پر پہنچے ہیں ۔

ڈاکٹر وسیم شہزاد اور سفارتکار مرزا سمیر بیگ اور سینئر پاکستانیوں کی مدد سے معاملہ سلجھا لیا گیا اور تقریب پروقار طریقے سے اختتام پذید ہوئی ۔

تازہ ترین