• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لیگی ارکان کھوکھر برادران کے نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم

سپریم کورٹ نے مسلم لیگ ن کے ارکان اسمبلی کھوکھر برادران کے نام بھی ای سی ایل سےنکالنے کاحکم دے دیا ۔

سابق چیف جسٹس ثاقب نثارکے ازخود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران جسٹس منظور ملک نے ریمارکس دئیے کہ اللہ نے جسے اتھارٹی دی ہو، اُسے احتیاط سے استعمال کرنی چاہیے۔

مسلم لیگ ن کے ارکانِ اسمبلی کھوکھر برادران کے خلاف از خود نوٹس نمٹاتے ہوئےسپریم کورٹ نے اداروں کو قانون کے مطابق کارروائی کرنے کا حکم دیا۔

سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں جسٹس منظور ملک کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کھوکھر برادران کے خلاف ازخودنوٹس کیس کی سماعت کی،سیف الملوک کھوکھر اور افضل کھوکھر عدالت میں پیش ہوئے،جسٹس منظور ملک نے قراردیاکہ ہمارا تعلق نہیں کہ کس نے کس کو اراضی بیچی،ہمارے کندھے پر رکھ کر کیس نیب کو مت بھجوائیں۔

جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دئیے کہ ہم اپنی حدود سے آگے نہیں جا سکتے، تمام ادارے اپنی حدود میں رہ کر کام کریں۔

عدالت نے ڈی جی ایل ڈی اے سے استفسار کیا کہ کیا ایل ڈی اے اور ممبر بورڈ آف ریونیو نے از خود نوٹس سے پہلے خود کوئی کارروائی کی۔

ممبر بورڈ آف ریونیو نے بتایاکہ رپورٹس تیار کی ہیں، جن میں کھوکھر برادران قصوروار پائے ہیں۔

جسٹس منظور ملک نے ریمارکس دئیے کہ جائیں، جا کر قانون کے مطابق کارروائی کریں، ہم نہ پراسیکیوٹر ہیں اورنہ انویسٹی گیشن کر سکتے ہیں۔

جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دئیے کہ قانونی راستہ اپنائیں،ہمیں شامل نہ کریں،آپ اپنا کام کریں اور سپریم کورٹ کو اپنا کام کرنے دیں۔

عدالت نے ایل ڈی اے، ڈی سی لاہور اور ممبر بورڈ آف ریونیو کی رپورٹ پر متعلقہ اداروں کو خود جائزہ لینے کی ہدایت کر دی جبکہ کھوکھر برادران کے خلاف اینٹی کرپشن میں درج مقدمات کا بھی قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا۔

تازہ ترین