• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو ایونٹ سے باہر کردیا

پی ایس ایل سیزن فور کے پہلے ایلیمینیٹر میں دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو چار وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا۔

دوسرے ایلیمنیٹر میں اسلام آباد یونائیٹڈ جمعہ کو پشاور زلمی کا سامنا کرے گی۔

کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اسلام یونائیٹڈ کو 162 رنز کا ہدف دیا۔

ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور صرف 19 رنز ان فارم بیٹسمین لیوک رونکی 5 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

ڈیلپورٹ اور ہیلز نے ابتدائی نقصان کے باوجود تیزی سے رنز بنائے اور اسکور 63 تک پہنچادیا، ڈیلپورٹ 38رنز بناکر ہیلز کا ساتھ چھوڑ گئے، ان کی اننگز میں 2چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔

اسی اوور میں عمر خان نے والٹن کو بغیر کھاتہ کھولے پویلین کی راہ دکھادی۔

کراچی کے لئے خطرہ بنتے جارہے ایلکس ہیلز 41 رنز پر عامر یامین نے بابراعظم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔

ہیلز کے آؤٹ ہونے کے بعد اسلام آباد کی تمام تر امیدیں حسین طلعت کے ساتھ وابستہ ہوگئیں، لیکن وہ چھکا لگانے کی کوشش میں باؤنڈری پر کھڑے بابر اعظم کو کیچ دے بیٹھے، یہ بابر اعظم کا اننگز میں چوتھا کیچ تھا۔

حسین طلعت نے 19گیندوں پر تین چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 32 رنز بنائے۔

آصف علی کی کریز پر موجودگی کی بدولت اسلام آباد کی جیت کے امکانات اب بھی باقی تھے۔

اسلام آباد کو آخری اوور میں 6 رنز کی ضرورت تھی، آصف علی نے محمد عامر کی پہلی ہی گیند پر چھکا لگا کر ٹیم کی جیت یقینی بنائی۔

اسلام آباد نے مطلوبہ ہدف بیسویں اوور کی تیسری گیند پر حاصل کر کراچی کو ایونٹ سے باہر کردیا۔

کراچی کنگز کے عامر یامین اور عمر خان نے دو، دو جبکہ عثمان شنواری نے ایک وکٹ حاصل کی۔

کراچی کنگز کا 162 رنز کا ہدف

اس سے قبل پی ایس ایل کے پہلے ایلیمینٹیر میں کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لئے 162 رنز کا ہدف دیا۔

پی ایس ایل کے پہلے ایلیمینیٹر میں کراچی کنگز کے اوپنرز بابراعظم اور کولن مونرو نے شاندار آغاز فراہم کیا اور حالیہ سیزن کی تیز ترین 50 رنز کی شراکت بنائی۔

دونوں بیٹسمینوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 52 رنز بنائے، مونرو صرف 11 گیندوں پر ایک چھکے اور چھ چوکوں کی مدد سے 32 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

مونرو کے آؤٹ ہونے کے بعد لیونگ اسٹون بیٹنگ کے لئے برق رفتاری سے اسکور میں اضافہ کیا اور بابر اعظم کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ کی شراکت میں بھی 50 رنز بناکر اسکور 102 تک پہنچادیا۔

لیونگ اسٹون 25 گیندوں پر 30 رنز کی اننگز کھیل کر شاداب خان کا شکار ہوگئے۔

اسکور میں صرف 4 رنز کا ہی اضافہ ہوا تھا کہ بابر اعظم 42 رنز بناکر رُمان رئیس کی گیند پر وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوگئے۔

انگرام کو 23 رنز پر محمد موسیٰ نے آصف علی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔ افتخار احمد صرف ایک رن بناسکے۔ عامر یامین کو ایک کے اسکور پر محمد سمیع نے رن آؤٹ کردیا۔

عمر خان کو صفر پر فہیم اشرف نے کلین بولڈ کیا جبکہ کپتان عماد وسیم 13 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

یوں کراچی کنگز نے اہم ترین میچ میں مقررہ بیس اوورز کھیل کر 9 وکٹوں کے نقصان پر 161 رنز بنائے۔

محمد موسیٰ نے تین، فہیم اشرف نے دو جبکہ رُمان رئیس اور شاداب خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

تازہ ترین