• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسٹیڈیم ہائوس فل ، ہرٹیم کو سپورٹ، اہل کراچی نے غیرملکی کرکٹرز کے دل جیت لئے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ہر میچ میں اسٹیڈیم ہائوس، ہر ٹیم کو بھرپور سپورٹ،زبردست جوش اور کھیل کے ساتھ محبت نے ثابت کردیا کہ کراچی سمیت پاکستان کا ہرشہر کرکٹ اور تمام کھیلوں کے انٹرنیشنل مقابلوں کیلئے محفوظ ہے۔ پی ایس ایل میچوں کے دوران اپنے رویہ سے کراچی کے شائقین نے پاکستان آنے والے غیر ملکی کر کٹرز کے دل جیت لئے اور اسے یاد گار لمحہ قرار دیا ہے۔ مبصرین اور ماہرین کو یقین ہے کہ سپر لیگ کا کراچی مرحلہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کے دروازے کھولنے میں معاون ثابت ہوگا۔ اہم ترین بات پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کا یہ اعلان ہے کہ اگلے برس سپر لیگ مکمل طور پر پاکستان میں کرائی جائے گی۔صف اول کے انگلش، آسٹریلین، جنوبی افریقی، کیوی اور ویسٹ انڈین کھلاڑیوں کی آمد اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ پاکستان میں سیکورٹی خدشات جھٹک چکے ہیں۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے آسٹریلوی آل رائونڈر شین واٹسن نے اعتراف کیا ہے کہ پچھلے دو پی ایس ایل میں نہ آکر انہوں نے غلطی کی۔ پاکستان میں لوگ کھیلوں اور خاص کر کرکٹ کے دیوانے ہیں۔ نیشنل اسٹیڈیم میں میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ کراچی آکر انہوں نے بہت زیادہ انجوائے کیا، کراچی کنگزکے نائب کپتان کولن انگرام نے کہا ہے کہ پاکستانی کر کٹ سے محبت کرنے والے لوگ ہیں،کراچی کے کرائوڈ نے ہمارا جو استقبال کیا وہ تصور سے باہر ہے۔ جنوبی افریقا کے کیمرون ڈیلپورٹ نے کہا ہے کہ تماشائیوں نے جس طرح میری اننگز کے دوران حوصلہ افزائی کی اسے فراموش نہیں کرسکتا، پاکستان میں عالمی کرکٹ کی بحالی کے لئے تمام عالمی کھلاڑیوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ سپر لیگ کے دوران لاہور قلندرز کی نمائندگی کرنے والے نیپال کے سندیپ لمیچانے نے پاکستان میں کرکٹ کھیلنے کو زندگی کا بہت تجربہ قرار دیا ہے۔

تازہ ترین