• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پریس کونسل کے اراکین کی تعیناتی میں تاخیر ، رفیق سومرو کی بطور رجسٹرار تقرری اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج

اسلام آباد (خبر نگار) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس نے پریس کونسل آف پاکستان کے اراکین کی تعیناتی میں تاخیر اور رفیق احمد سومرو کی بطور رجسٹرار تقرری کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔ سینئر صحافی ناصر زیدی کی جانب سے دائر درخواست میں سیکرٹری اطلاعات ، چیئرمین پریس کونسل آف پاکستان اور ڈاکٹر رفیق سومرو کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پی ایف یو جے ، سی پی این ای اور اے پی این ایس نے کئی ماہ قبل کونسل کے اراکین کیلئے چار ، چار نام تجویز کئے لیکن ابھی تک وزارت اطلاعات نے نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا جو کہ ایک ماہ میں جاری ہونا چاہئے تھا۔ دوسری جانب سیکرٹری اطلاعات نے 15 فروری کو ڈاکٹر رفیق سومرو کو پریس کونسل آف پاکستان کا رجسٹرار مقرر کر دیا ہے جس کا انہیں اختیار ہی نہیں تھا۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ وزارت اطلاعات کو پریس کونسل آف پاکستان کے ممبران کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے اور رفیق احمد سومرو کی بطور رجسٹرار تقرری کو کالعدم قرار دیا جائے۔

تازہ ترین