• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بریگزٹ کیلئے تاخیر کی قرارداد منظور، دوسرے ریفرنڈم کی تجویز مسترد

لندن (جنگ نیوز) پارلیمنٹ نے بریگزٹ کیلئے تاخیر کی قرارداد منظور کرلی، آرٹیکل 50کے نفاذ میں مشروط توسیع کی قرارداد کے حق میں 412جبکہ مخالفت میں 202ووٹ ڈالے گئے۔ اب بریگزٹ میں توسیع کیلئے یورپی یونین سے رجوع کیا جائے گا۔ بریگزٹ کے حوالے سے جمعرات کے روز بھی پارلیمنٹ میں خاصی گہما گہمی رہی اور مختلف ترامیم پرووٹنگ ہوئی۔ بدھ کی شب اراکین پارلیمنٹ نے نوڈیل بریگزٹ کے آپشن کو مسترد کردیا تھا۔ جمعرات کو جن ترامیم پر ووٹنگ ہوئی اس میں دوسرے ریفرنڈم کی تجویز بھی پیش کی گئی تھی جسے اراکین نے مسترد کردیا اس ترمیم کی مخالفت میں 334اور حق میں 85ووٹ آئے۔ لیبر پارٹی کے 25اراکین پارلیمنٹ نے بھی پارٹی پالیسی کے خلاف دوسرے ریفرنڈم کے حق میں ووٹ دیا۔ اس ترمیم کے حق میں 311اور مخالفت میں 314ووٹ آئے۔ اراکین پارلیمنٹ نے 20مارچ کو بریگزٹ کے حوالے سے کنٹرول پارلیمنٹ کے حوالے کرنے کی ترمیم بھی دو ووٹوں کی اکثریت سے مسترد کردی، ترمیم کے حق میں 312اور مخالفت میں 314ووٹ آئے، شیڈو منسٹر رتھ سمتھ نے پارٹی پالیسی کے خلاف جاتے ہوئے دوسرے ریفرنڈم کے حق میں ووٹ دینے کے بعد ’’شیڈو منسٹرشپ‘‘ سے مستعفیٰ ہونے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک مشکل فیصلہ تھا لیکن میری ذمہ داری ہے کہ میں اپنے حلقہ انتخاب کے لوگوں کی خواہش کا احترام کروں۔ یورپین کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹسک نے یورپی یونین سے اپیل کی ہے کہ وہ برطانیہ کو بریگزٹ کیلئے ’’طویل وقت‘‘ دے۔ تاکہ برطانیہ اپنی حکمت عملی مرتب کرسکے۔ وزیراعظم تھریسامے پہلے ہی کہہ چکی ہیں کہ اگر پارلیمنٹ نے ڈیل منظور نہ کی تو ہمیں ’’طویل وقت‘‘ درکار ہوگا۔ پارلیمنٹ میں ڈیل منظور کرانے کی دو ناکام کوششوں کے بعد وہ آئندہ ہفتہ تیسری بار ڈیل منظور کرانے کی کوشش کرینگی۔ بریگزٹ کیلئے اگر برطانیہ نے مزید وقت مانگا تو یورپی یونین کے تمام 27ممالک کی رضامندی درکار ہوگی۔ جبکہ یورپین کمیشن کے صدر جین جنکر بریگزٹ کا عمل مئی میں یورپین الیکشن سے پہلے مکمل ہونا چاہئے۔

تازہ ترین