• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہیلتھ چیف کا جنک فوڈ کی بڑی فرمس کو بچوں کیلئے مارکیٹنگ پر انتباہ

لندن ( نیوز ڈیسک ) ہیلتھ چیفس نے کہا ہے کہ جنک فوڈ تیار کرنے والی بڑی فرمس بچوں کیلئے اپنی مارکیٹنگ روک دیں بصورت دیگر انہیں اشتہارات پر مکمل پابندی کا سامنا کرنے کیلئے تیار رہنا چاہئے۔ ٹیلی گراف کے مطابق ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کا کہنا ہے کہ خوراک تیار کرنے والی بڑی کمپنیاں قوانین میں سقم کا فائدہ اٹھاکر یو ٹیوب اور فیس بک پر بچوں کیلئے زبردست اشتہار بازی کرتی ہیں پبلک ہیلتھ انگلینڈ کے ایک ایڈوائزر نے قوانین پر نظرثانی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاہے کہ اگر بچوں کو چکنائی اور مٹھاس سے بھرپور خوراک استعمال کرتے ہوئے پایا جائے تو ایسی خوراک پر مکمل پابندی عائد کی جائے۔یہ ریمارکس اس وقت سامنے آئے ہیں جب یونیورسٹی آف لیورپول ایک تحقیق کے نتیجے میں اس حقیقت تک پہنچی کہ 16سال سے کم عمر تین چوتھائی بچے سوشل میڈیا پر اشتہارات سے متاثر ہوجاتے ہیں حالانکہ انہیں تحفظ فراہم کرنے کیلئے قوانین موجود ہیں۔ ڈبلیو ایچ او نے اپنی ایک رپورٹ میں گزشتہ روز متنبہ کیا ہے کہ واچ ڈاگ بچوں کی مارکیٹوں میں جنک فوڈ کو فروغ دینے کیلئے استعمال کی جانے والی اشتہاری تکینکس سے نمٹنے میں ناکام رہا ہے رپورٹ میں مزید متنبہ کیا گیا ہے کہ بچوں کیلئے ایسی پروڈکٹس موٹاپے کے عالمی بحران کو شدید بنانے کا سبب بن رہی ہیں۔

تازہ ترین