• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی مظالم عالمی سطح پر اجاگر کرنا ہوں گے، فرخ مراد

لوٹن(پ ر) تحریک کشمیر برطانیہ سائوتھ زون کے سیکرٹری فرخ مراد قریشی نے کہا ہے 16مارچ کو بھارتی سفارت خانہ لندن کے سامنے ہونے والے آل پارٹیز کشمیر مظاہرے میں بھرپور شرکت کی جائے گی، سائوتھ زون کے تمام ناظمین کو سرکلر جاری کر دیا گیا ہے کہ مظاہرے میں بھرپور شرکت کریں، تحریک کشمیر برطانیہ کے مرکزی صدر راجہ فہیم کیانی خصوصی طور پر شرکت کریں گے اور مظاہرے کی قیادت کریں گے، یہ مظاہرہ ایسے موقع پر ہو رہا ہے کہ مودی حکومت نے جماعت اسلامی پر پابندی لگا دی ہے، امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر حمید فیاض اور ساری مرکزی قیادت کو جیل میں بند کر دیا، تمام یتیم خانے، تعلیمی اداروں کو تالے لگا دیئے گئے، اس سنگین صورت حال کو اجاگر کیا جائے گا اور دنیا کی توجہ مبذول کرائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں مشکل ترین حالات پیدا کر دیئے ہیں، دنیا کی توجہ کو مقبوضہ کشمیر کے حالات پر مرکوز کرانے کے لئے سفارتی سطح پر بھارت کے انسانیت سوز مظالم اور دہشت گردی کو پیش کرنے کی ضرورت ہے کہ عالمی برادری نے اگر اس موقع پر کوئی موثر کردار ادا نہ کیا تو نتائج کی ذمہ داری عالمی امن کے علمبرداروں پر ہوگی خطے میں مسئلہ کشمیر واحد تنازع ہے کہ جس کی وجہ سے کشیدگی پائی جاتی ہے، فرخ قریشی نے کہا ہے مقبوضہ کشمیر اور کنٹرول لائن پر بھارت نے جنگ شروع کر رکھی ہے ۔ بھارت کے ناپاک عزائم نہ صرف خطے بلکہ دنیا کے امن کیلئے شدید خطرہ ہیں، ان حالات میں اقوام متحدہ کو مداخلت کرنی چاہئے اور مسئلہ کشمیر کو پُر امن طور پر حل کرنے کیلئے بھارت پر دبائو ڈالا جائے کہ وہ مذاکرات کا راستہ اختیار کرے۔
تازہ ترین