• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیلام نہ ہونے والی 24 لگژری گاڑیاں وزیر اعظم آفس واپس بھجوائی جارہی ہیں

اسلام آباد ( مہتاب حیدر)حکومت کی طرف سے چلائی گئی سادگی مہم بری طرح ناکام ہوئی ہے اور اس کے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہوسکے اب فیڈرل بورڈ آف ریوینیو 24لگژری اور پروٹیکٹیڈ مہنگی گاڑیاں وزیر اعظم آفس بھجوا رہی ہے،فائنانس ڈویژن بجٹ میں تحائف اور انٹر ٹینمنٹ کی گرانٹ ختم کرنے کے لئے اگلے ہفتے ایک سمری وفاقی کابینہ کو بھجوا رہی ہے۔سادگی مہم کی بری طرح ناکامی کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ دن بہ دن بڑھتا ہوا بجٹ خسارہ اپنی تاریخی حد تک پہنچ رہا ہے بلکہ اس بھی بڑھ رہا ہے، وزیر اعظم ہاؤس کی طرف سے لگژری گاڑیوں کی نیلامی پروگرام میں نیلام نہ ہونے والی 24بڑی گاڑیاں وزیر اعظم آفس واپس کی جارہی ہیں تاکہ ان کو متعلقہ وزراء اور اداروں کے سپرد کیا جاسکے ، ہوسکتا ہے کہ یہ گاڑیاں غیر ملکی وفود، وی آئی پی ، بیرون ممالک کے سربراہوں کی ملک میں آمد ورفت کے لئے استعمال کی جائیں۔سرکاری زرائع کا کہنا تھا کہ مذکورہ گاڑیوں کو کم قیمت پر نیلام کرنا یا فروخت کرنے سے قومی خزانے کو بڑا نقصان پہنچ سکتا ہے۔ایک یہ بات بھی زیر غور ہے کہ ان گاڑیوں کو ملک کی بڑی مارکیٹ بشمول کراچی اور لاہور میں دوبارہ نیلام کرنے کی آخری کوشش کی جائے۔سرکاری زرائع کے مطابق 49لگژری گاڑیاں ایف بی آر کو نیلام کرنے کے لئے سپرد کی گئی تھیں ان میں تین گاڑیاں وزیر اعظم آفس وزارت خارجہ کی طرف سے 9گاڑیاں، کیبینٹ ڈویژن کی طرف سے 27 گاڑیاں اور انٹیلی جنس بیورو کی طرف سے 10گاڑیاں تھیں ۔حکومت نے جن گاڑیوں کو نیلامی کی فہرست میں رکھا تھا ان میںتین گاڑیاں BMW(760Li)،دو مرسیڈیز، دو گاڑیاں مرسیڈیز بینز کے دوسرے ماڈل کی تھیں، دو گاڑیاں مرسیڈیز لیموزین، 2005ماڈل کی تھیں دو گاڑیاں لینڈ کروزر،تین لگژری جیپ ، جبکہ تین مرسدیز برانڈ کی جیپس شامل تھیں، اس کے علاوہ دیگر لگژری مہنگی گاڑیاں شامل تھیں۔  
تازہ ترین