• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ویزا پالیسی ،نادرا نےدوماہ میں مقررہ اہداف حاصل کرلئے

اسلام آباد(طاہر خلیل) نادرا نے ویزا پالیسی میں اہم پیشرفت کےلئے دوماہ میں مقررہ اہداف حاصل کرلئے، چیئرمین نادرا عثمان مبین یوسف کو دو ماہ قبل وزیر مملکت داخلہ شہریار خان آفریدی نے نئی ویزا پالیسی کی تشکیل کے اہداف سونپے تھے، سکیورٹی کی صورتحال بہتر ہونےاور شفافیت کے ساتھ آن لائن ویزا سسٹم کے ذریعے ساٹھ کے عشرے کے بعد پہلی بار پاکستان کوغیر ملکی شہریوں کے لئے کھولا جارہا ہے۔ نادرا ذرائع کا کہنا ہے کہ آن لائن ویزا سسٹم کے تحت پیش کی جانے والی ویزا کی بارہ کیٹگریز میں سیاحت، بزنس، ورک،صحافی، سرکاری،سفارتی، فیملی وزٹ، سماجی و ثقافتی کانفرنسز وسیمینار کے ساتھ تبلیغ، غیر ملکی این جی اوز اور ڈومیسٹک ویزا پر بھی آن لائن ویزا سسٹم کا اطلاق ہوگا۔ ا س نوعیت کے ویزا کےلئے درخواستوں کی منظوری کا اختیار بدستور وزارت داخلہ کے پاس رہے گا۔حکومت کا کہنا ہے کہ آن لائن ویزا سہولت مجموعی طور پر175 ملکوں کے شہریوں کو فراہم کی جائے گی اور انہیں اب درخواست گزاری اور سفارت خانوں میں حاضری کے طویل چکر سے نجات مل جائے گی۔
تازہ ترین