ملتان (سٹاف رپورٹر) سیشن عدالت نے عدالتی حکم عدولی پر 3 پولیس اہلکاروں کے بلاضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے 28 مارچ کو عدالت کے روبرو پیش کرنے کا حکم دیا ہے، تھانہ پرانی کوتوالی کے سب انسپکٹر منصور احمد خان اور 2 کانسٹیبلوں فہیم عباس اور فرحان کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا ہے، فاضل عدالت نے حبس بے جا کی درخواست میں برآمد ہونے والی خاتون کو بیان ریکارڈ کروانے پر سسر کے ہمراہ جانے کی اجازت دیتے ہوئے درخواست داخل دفتر کرنے کا حکم دیا ہے، عدالت میں محمد فیاض نے درخواست دائر کی تھی کہ اسکی بالغ بیٹی تہمینہ بی بی کو فلک شیر، فیاض شیر و دیگر نے محبوس کر رکھا ہے، محبوسہ نے بیان ریکارڈ کروایا کہ اسے کسی نے محبوس نہیں کیا بلکہ اس نے فلک شیر کے بیٹے سے شادی کرلی ہے،فاضل عدالت نے ایس ایچ او تھانہ قطب پور کو پسند کی شادی کرنے والی خاتون کو ہراساں نہ کرنے کا حکم دیا ہے، عدالت میں ملتان کی سمرہ یوسف نے درخواست دائر کی تھی، سیشن کورٹ نے منشیات کے ملزم تیمور کو جرم ثابت ہونے پر 3 سال قید، 15ہزار روپے جرمانہ ادا کرنے جبکہ عدم ادائیگی کی صورت میں مزید ایک ماہ کیلئے قید میں رکھنے کی سزا کا حکم دیا ہے ،فاضل عدالت نے چوری کے ملزم حافظ محمد کی عبوری ضمانت ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکہ پر کنفرم کرتے ہوئے گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا ہے، جبکہ منشیات کے ملزم غلام عباس کو اقبال جرم پر ایک سال پروبیشن پر رہنے کی سزا کا حکم دیاہے ۔