• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گزشتہ صدی میں ویڈیو بنانا بہت جوکھم کا کام تھا لیکن اب یہ بہت آسان ہو گیا ہے۔ بس ایک کیمرہ اٹھائو اورفلم بنالو، پھر اسے سوشل میڈیا یا یوٹیوب پر ڈالو اور پیسے کماؤ۔ اس سب کے باوجود ایک 35mmکی فلم بنانا ابھی بھی کوئی آسان کام نہیں ہے۔ پاکستان میں حالیہ عرصے میں جو فلمیں بن رہی ہیں، وہ اپنے موضوع، سنیماٹو گرافی اور پروڈکشن کے حوالے سے گذشتہ کچھ عشروں کی فلموں سے مختلف ہیں لیکن ابھی بھی اس انڈسٹری کو باصلاحیت لوگوں اور ان کے بھرپور جذبے کی ضرورت ہے، جو نہ صرف عالمی سطح پر اپنا نام بنائیں بلکہ ملک کا نام بھی روشن کریں۔

ہمارے ہاں ایکٹنگ اکیڈمیز کی کمی تو ہے ہی، اس کے علاوہ ادارے بھی اس نہج کے اذہان پیدا نہیں کررہے، جو کم وسائل میں معرکتہ الآرا پروڈکشن سامنے لاسکیں۔ اس ضمن میں وہ طلبہ جو فلم پروڈکشن یا سینماٹو گرافی کو اپنا کیرئیر بنانا چاہتے ہیں، وہ ماس میڈیا میں ڈگری لے کرکسی پروڈکشن کمپنی کاحصہ بن جاتے ہیں یا پھر کسی معروف پروڈیوسر یا ڈائریکٹر کے زیرِ سایہ رہنے کے بعد اپنی فلم یا ڈرامے بناتے ہیں، جس کا نتیجہ اکثر حوصلہ افزا نہیں نکلتا۔ جس طرح کسی بھی میدان میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے ہرقسم کے اسلحے سے لیس ہوا جاتاہے، اسی طرح اس کیریئر کے بھی کچھ تقاضے ہیں جن کو پورا کرنا ضروری ہوتا ہے۔ فلم پروڈکشن کی تعلیم حاصل کرنے کیلئے زیادہ ترلوگ ملک سے باہر چلے جاتے ہیں اور پھر وہاں سے سیکھ کر واپس آکر اپنی کاوشوں کو دنیا کے سامنے لاتے ہیں۔

درکار قابلیت

سینماٹو گرافی اور فلم پروڈکشن کے ڈگری پروگرام میں عام طورپر طلبا کو ایڈیٹنگ، لائٹنگ، سائونڈ ایکوپمنٹ اور مختلف تکنیک سکھائی جاتی ہیں۔ اس کیلئے اہم مضامین کا مسلسل مطالعہ اور عملی مشقیں کی جاتی ہیں۔ ان مضامین کی تعلیم لے کر آپ اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر ٹیلی ویژن اور فلم انڈسٹری میں دھاک بٹھا سکتے ہیں اور سینما ٹو گرافر یا فلم پروڈیوسر کی حیثیت سے اپنا کیریئر شروع کرسکتے ہیں۔

اس فیلڈ میں پڑھائےجانے والے کورسز میں میڈیا کی تاریخ، اخلاقیات، کیمرے کا استعمال، فلم ایڈیٹنگ، ڈیجیٹل فلم میکنگ اور موشن پکچرکے حوالے سے دیگر متعلقہ مضامین شامل ہوتے ہیں۔سنیماٹو گرافر یا کیمرہ آپریٹر بننے کیلئے فلم، براڈکاسٹنگ یا متعلقہ شعبہ میں بیچلر ڈگری اور فلم پروڈیوسر یا ڈائریکٹر بننے کیلئے فلم، سنیما، تھیٹر،پروڈکشن یا متعلقہ شعبہ میں بیچلر ڈگری ہونالازمی ہے۔ سنیماٹو گرافی، فلم پروڈکشن یا متعلقہ میڈیا میں ڈگری یا سرٹیفیکیٹ بھی آپ کو سینماٹو گرافر یا پروڈیوسر بننے کی راہ پر گامزن کرسکتاہے۔

سنیماٹو گرافر کی ذمہ داریاں

سنیماٹو گرافر یہ معلوم کرتاہے کہ ڈائریکٹر کی تمام تر ہدایات کو پورا کرتے ہوئے شوٹ کیا گیا کسی بھی فلم، ٹی وی شو، اشتہار یا ویڈیو کا ہر سین کیمرے پر کیسا دکھائی دیتاہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ لوگ خود کیمرہ آپریٹ نہیں کرتے بلکہ یہ کیمرہ مین کو ہدایت دیتے ہیں کہ وہ پلان کے مطابق سین کو شوٹ کریں۔ ایک ایک سین کیلئے لوکیشن ڈھونڈنے سے لے کر لائٹ چیک کرنے، فلم کا فوکس ، کیمرے کا فوکس اور زاویہ معلوم کرنے تک سارے عوامل سنیماٹو گرافر کے ذمے ہوتے ہیں۔

فلم پروڈیوسر کی ذمہ داریاں

فلم پروڈیوسر فلم کیلئے منصوبہ بندی اور اس کا انتظام کرنے کے ساتھ ساتھ اسے جمالیات دینے اور تکنیکی سہولیات فراہم کرنے کی ذمہ داریاںنبھاتا ہے۔ ایک پروڈیوسر فلم پروڈکشن کے تمام تر مراحل کو دیکھنے کے ساتھ ساتھ فنکاروں، پروڈکشن میں شامل افراد، ٹیکنیشنز، ڈائریکٹرز اوردیگر ورکرز سے بھی رابطہ رکھتا ہے۔ بجٹ، عملے کی تعیناتی، ان کے انتظام، اسکرپٹ کی پیش رفت، لوکیشن، سیٹس اور ایکوپمنٹ کیلئے ہونے والی گفت وشنید بھی انجام دیتا ہے۔ روایتی طور پر فلم پروڈیوسر کے پاس موشن پکچرانڈسٹری کا تجربہ ہونے کے ساتھ ساتھ کمپنی چلانے کی صلاحیت ہونا بھی لازمی ہے۔

آن لائن میڈیا پروڈکشن کورسز

اگر آپ کسی اور شعبہ میں ڈگری کے حصول کیلئے کوشاں ہیں لیکن آپ کے اندر خواہش ہے کہ میڈیا پروڈکشن میں کچھ کریں یا یہ محسوس کرتے ہیں کہ آپ کے اندر اس فیلڈ میں کچھ کر گزرنے کی صلاحیت ہے تو پھر آپ آن لائن کورسزمیںخود کو رجسٹر کرواکے اپنی اس خواہش کو عملی جامہ پہنا سکتے ہیں۔ اس ضمن میں آپ کو فلم یا میڈیا پروڈکشن کے ابتدائی کورسز پڑھ کر امتحان دینا ہوگا اور پھر بتدریج آپ اس کی تعلیم حاصل کرتے چلے جائیں گے۔ آن لائن کورسز میں ’انٹروڈکشن ٹو ملٹی میڈیا پروڈکشن کورس‘، ’جرنلزم اینڈ کمیونیکیشنز کورس‘،’اسکرین رائٹنگ کورس‘، ’فلم پروڈکشن کورس‘،’ ڈیجیٹل سنیماٹو گرافی کورس‘، ’آڈیئنس میژرمنٹ کورس‘ وغیرہ آفر کیے جاتے ہیں، جن میں سے کسی میں بھی آپ اپنی دلچسپی اور رحجان کے مطابق رجسٹریشن کرواسکتے ہیں۔ 

تازہ ترین