• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس ایل ایلیمینیٹر2: پشاورزلمی نے اسلام آبادکو 48رنز سے ہرادیا

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل ) فور کے دوسرے اور آخری ایلیمینیٹر میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 48رنز سے ہراکر فائنل میں رسائی حاصل کرلی اور اب اتوار کو اسکا فائنل میں کوئٹہ سے ٹکرائو ہوگا۔

اسلام آباد کی پوری ٹیم اپنے مقررہ بیس اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 166رنز ہی بناپائی۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم پر کھیلے جانے والے اس میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی۔جس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اسلام آباد کواپنے مقررہ بیس اوورز میں جیت کے لیے 215 رنز کا ہدف دیا۔

تاہم اسلام آباد یونائیٹڈ کے چیڈک والٹن،فہیم اشرف اور کمیرون ڈیلپورٹ کے علاوہ کوئی دوسرا بیٹسمین پشاورزلمی کے بولروں کا ڈٹ کر مقابلہ نہ کرپایا، اور وقفے وقفے سے پویلین لوٹتے رہے۔

پشاور زلمی کے بولرز شروع ہی سے جارحانہ اندازمیں بولنگ کرتے رہے،اور اپنی جچی تلی بولنگ سے انھوں نےاسلام آباد کے بلے بازوں کو زیادہ مزاحمت کا موقع نہ دیا اور یکے بعد دیگرے اسلام آباد کے بیٹسمین پویلین لوٹتے رہے، پشاور زلمی کے بولروں کا انکے فیلڈر ز نے بھی بھرپور ساتھ دیا اور بہت کم مواقع گنوائے۔

اسلام آباد کے چیڈک والٹن نے صرف انتیس گیندوں پر 48 رنز کی تیز اننگز کھیلی اور ملز کی گیند پر نبی گل نے انھیں کیچ کیا، انھوں نے اپنی اننگز کے دوران تین بلند وبالا چھکے اور تین چوکے مارے۔

فہیم اشرف 31 رنز بناکر جورڈن کی گیند پر عمر امین کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے، انھوں نے بھی تین چھکے مارے۔جبکہ کمیرون ڈیلپورٹ 28رنزبناکر حسن علی کی گیند پر جورڈن کو کیچ دے بیٹھے۔

لیوک رونچی 17رنز بناکر حسن علی کی بال پر ڈیرن سیمی کے ہاتھوں کیچ آئو ٹ ہوئے، الیکس ہیلز ایک رنز بناکر جورڈن اور پولارڈ کے گٹھ جوڑ کا نشانہ بنے۔

آصف علی کوئی رن بنائے بغیر پولارڈ کی گیند پر وکٹ کے پیچھے کامران اکمل کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔

حسین طلعت کو حسن علی نے انیس رن پر پویلین کی راہ دکھائی۔

اسلام آباد یونائیٹڈکے کپتان محمد سمیع صرف دورنز ہی بناسکے اور وہ جورڈن کی گیند پر پولارڈ کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔

شاداب خان بھی اپنا کھاتہ کھولے بغیر ہی وہاب ریاض کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔پشاور کی جانب سے حسن علی اور جورڈ ن نے تین تین جبکہ تائمل ملز، وہاب ریاض اور کیرون پولارڈنے ایک ایک وکٹ اپنے نام کی۔


تازہ ترین