• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معروف شاعر ڈاکٹر پیرزادہ قاسم کہتے ہیں کہ ادب و ثقافت میں صغریٰ صدف نے بہت نام کمایا ہے، وہ ایک خوش فکر شاعرہ ہیں۔

ان خیالات کا اظہار ممتاز شاعر ڈاکٹر پیرزادہ قاسم نے لاہور سے آئی ہوئی ممتاز شاعرہ اور پنجاب لینگویج اتھارٹی (پلاگ) کی ڈائریکٹر جنرل صغریٰ صدف کے اعزاز میں کراچی پریس کلب میں منعقدہ ایک تقریب میں کیا۔

تقریب کا اہتمام پاکستان فلم اینڈ ٹی وی جرنلسٹس ایسوسی ایشن اور کراچی پریس کلب کی ادبی کمیٹی کے تحت کیا گیا تھا۔

ڈاکٹر پیرزادہ قاسم نے کہا کہ پاکستان کے ادبی منظر نامے میں صوفیانہ شاعری وادب کی بڑی اہمیت ہے، اس حوالے سے ممتاز شاعرہ، محقق اور کالم نگار ڈاکٹر صغریٰ صدف نے اہم کام کیا ہے، اردو اور پنجابی دونوں زبانوں میں انہیں دسترس حاصل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دنیائے ادب میں صغریٰ صدف کا بڑا نام ہے،پنجاب اور دیگر صوبوں میں وفود کا تبادلہ ہوتے رہنا چاہئے، اس طرح قربتیں بڑھتی ہیں۔

اس موقع پر محترمہ صغریٰ صدف نے کہا کہ میڈیا کے ذریعے ہم ادب وثقافت کا فروغ کرتے ہیں،میں نے شاعری کے علاوہ تصوف اور صوفی شعراء پر مقالہ لکھا جو کتابی شکل میں شائع ہوا، فلسفہ، تحقیق کے علاوہ خواجہ فرید کا ترجمہ کیا ہے، پنجاب لینگویج اتھارٹی (پلاگ) کے ذریعے صوفی شعراء کے تراجم کو شائع کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب اور سندھ کے ادیبوں، فنکاروں کا آپس میں تبادلہ ہوتے رہنا چاہئے۔صغریٰ صدف نے اپنا کلام بھی سنایا۔

قبل ازیں پاکستان فلم اینڈ ٹی وی جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے چیئرمین اطہر جاوید صوفی، صدر عبدالوسیع قریشی اور کراچی پریس کلب کی ادبی کمیٹی کے سیکریٹری اے ایچ خانزادہ ،محمود احمد خاں اور سرور جاوید نے خیر مقدمی کلمات کہے، جبکہ پریس کلب کے صدر امتیاز خان فاران اور سابق سیکریٹری مقصود احمد یوسفی نے اظہار تشکر کیا۔

تقریب میں اعجاز احمد فاروقی، مسعود بھٹی، انصار زیدی، فرحان الرحمان ، راشد نور نے بھی خطاب کیا، ڈاکٹر صغریٰ صدف کو یادگاری شیلڈ اور اجرک بھی پیش کی گئی۔

تازہ ترین