تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات عمر چیمہ کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو خدانخواستہ کچھ ہوا تو اس کا 100 فیصد ذمے دار شریف خاندان ہوگا۔
شہباز شریف کے بیان پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تماشے کرنے کے بجائے نواز شریف کو علاج پر قائل کیا جائے۔
عمر چیمہ نے کہا کہ شریف خاندان نواز شریف کے علاج میں سنجیدگی دکھانے کے بجائے سارا زور حکومت کو بلیک میل کرنے پر لگا رہا ہے،شریف خاندان کے افراد کی گفتگو سے لگتا نہیں کہ وہ نواز شریف کے علاج میں سنجیدہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کروڑوں پاکستانیوں کو ان کی مرضی کا علاج نہیں ملتا، نواز شریف کو تو ان کی مرضی کے علاج کی سہولت دی گئی ہے۔
مرکزی سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی نے مزید کہاکہ تماشے کے بجائے نواز شریف کو علاج پر قائل کیا جائے، لندن کی سیر سے افاقے کا امکان ہے تو عدالت کو قائل کرلیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کا اختیار نہیں کہ کسی قیدی کو از خود باہر بھجوا سکے، حکومت نے باہر سے معالج منگوانے کی بھی اجازت دے رکھی ہے، شہباز شریف صاحب ثروت ہیں، اپنے اخراجات پر بھائی کیلئے معالج منگوا لیں۔