• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعلیٰ سندھ کا پی ایس ایل فائنل کے انتظامات کا جائزہ

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ ہے کہ میگا ایونٹ پی ایس ایل کے اتنے میچز کراچی میں ہورہے ہیں۔

انہوں نے یہ بات آج وزیر اعلیٰ ہائوس میں پی ایس ایل کے فائنل میچ کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کہی ۔

اجلاس میں صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی، وزیر اعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو، کمشنر کراچی افتخار شہلوانی، ڈی سی ایسٹ احمد علی صدیقی اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

ضلعی انتظامیہ، ضلع شرقی پر بہت بڑی ذمہ داری تھی کیونکہ اسٹیڈیم ان کے ضلع میں واقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام سوک ایجنسیوں کو ایک پیج پر لاکر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہےاور اس حوالے سے تمام محکموں کے رابطہ اجلاس منعقد کیے گئے ہیں۔ اس عرصے کے دوران نیشنل اسٹیڈیم کے متعدد دورے کیے گئے تاکہ وہاں جاری ترقیاتی کاموں کی رفتار کو تیز کیا جاسکے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے 5 مرتبہ نیشنل اسٹیڈیم کا ذاتی طور پر دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا ۔نیشنل اسٹیڈیم کے اطراف سے ملبہ و دیگر کو ہٹایا گیا اور اس بات کو یقینی بنایا گیا کہ نہ صرف سبزے کے ذریعے بلکہ مختلف لائٹوں اور رنگے برنگے قمقموں،بینرز ، تصاویر کے ذریعے پورے علاقے کو خوبصورت بنایاگیا۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ نے بہتر ین انتظامات کیے اور بہترین سلوگن’’آئی لو کرکٹ ‘‘ اور’’ کراچی دی کرکٹ سٹی‘‘ منتخب کیے۔ اس کے علاوہ بھی مختلف انتظامات کیے گئے ، شہر کے مختلف چوراہوں پر کھلاڑیوں کی بڑی بڑی تصاویر آویزاں کی گئیں۔

اس کے علاوہ کرکٹ اور پی ایس ایل کو کراچی میں خوش آمدید کہنے کے لیے ڈیجیٹل اسٹریمر نصب کیے گئے اور شہر کی خوبصورتی کے لیے پینا فلیکس، بورڈ ز اور جھنڈیاں لگائی گئیں اور مختلف مقامات بشمول ایکسپو ٹرائنگل میں میوزیکل شوز اور رات میں مختلف سرگرمیوں کا اہتمام کیاگیا۔

نیشنل اسٹیڈیم میں میچ دیکھنے کے لیے آنے والے شائقین کو سہولت فراہم کرنے کے لیے 6 مقامات ایکسپو سینٹر، حکیم سعید گرائونڈ ،غریب نواز فٹبال گرائونڈ، منگل بازار گرائونڈ، وفاقی اردو سائنس یونیورسٹی اور نیشنل کوچنگ سینٹر(وی آئی پی پارکنگ) میں پارکنگ لاٹس کا بندوبست کیاگیاہے۔

پی ایس ایل میں جوش و خروش میں اضافے کے لیے ہر ایک پارکنگ لاٹ کو کراچی آنے والی مختلف ٹیموں کا نام دیاگیا،ا ن تمام پارکنگ لاٹس میں متعدد سہولیات فراہم کی گئیں۔

ضلعی انتظامیہ نے فائنل میچ کے اختتام پر آتش بازی کابھی اہتمام کیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے محکمہ بلدیات، کمشنر، ضلعی انتظامیہ، کے ایم سی، ڈی ایم سیز، واٹر بورڈ اور دیگر کی کاوشوں کو سراہا۔

انہوں نے قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کی سخت محنت اور کاوشوں کو بھی سراہا۔

انہوں نے کہا کہ سب نے مل کر باہمی روابط کے ذریعے شہر میں اس ایونٹ کا انعقاد کیا ہے اور مجھے یقین ہے کہ ہم شہر میں اس طرح کے دیگر ایونٹ بھی منعقد کریں گے۔

تازہ ترین