• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کے مظالم سےا قلیتی کمیونٹیز کا جینا دوبھر ہوگیا ہے، کشمیری رہنما

برمنگھم (ابرار مغل) مقبوضہ کشمیر میں بدترین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور لائن آف کنٹرول پر گولہ باری سے معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے پر عالمی برادری کی خاموشی بھارتی عزائم اور بربریت کو تقویت پہنچا رہی ہے۔ بھارت ایک طرف جمہوریت کا ڈھنڈورا پیٹ رہا ہے تو دوسری جانب کشمیر سمیت بھارت بھر میں مسلمانوں کا جینا دوبھر کر رکھا ہے۔ مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں پر ظلم و تشدد کیا جارہا ہے۔ ان مظالم اور سفاکیت کو بے نقاب کرنے کے لیے برطانیہ میں مقیم کشمیری بھرپور انداز میں صدا بلند کررہے ہیں۔ سولہ مارچ کو تاریخ ساز احتجاج نے بھارتی مظالم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرکے رکھ دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار پی پی پی کشمیر کوآرڈینیشن کمیٹی برمنگھم کے زیراہتمام منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے حاجی نائب مغل، واجد علی برکی، محمد غالب، چوہدری محمد شکیل، مرزا فیصل محمود، شہزاد اقبال مغل، چوہدری شیر حسین محمود صابری اور دیگر نے کیا۔ نائب مغل کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں وسیع پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کررہا ہے جس کے خلاف آواز بلند کرنا ہر کشمیری کی ذمہ داری ہے۔ پی پی پی برطانیہ کے نائب صدر واجد علی برکی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے تمام جماعتیں اور تنظیمیں ایک پلیٹ فورم پر متحد ہیں۔ ہمارے درمیان اختلافات نہیں ہیں۔ مسلم لیگی رہنما چوہدری محمد شکیل احمد، پی ٹی آئی کشمیر کے رہنما محمد عنصر تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب، پی ایس پی برطانیہ کے ترجمان مرزا فیصل محمود، پی پی پی کے بزرگ رہنما الحاج شریف مغل، خواجہ محمود صابری نے کہا کہ ہمیں مل کر بھارتی مظالم کو بے نقاب کرتے ہوئے مظلوم و محکوم کشمیریوں کی بھرپور حمایت و تائید کرنی ہوگی۔ کونسلر ذاکر اللہ، علامہ نیاز احمد صدیقی، سابق کونسلر راجہ شوکت علی خان اور دیگر نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر بھارت معصوم اور بے گناہ شہریوں کو نشانہ بناکر عالمی امن کو تباہ کرنے پر تلہ ہوا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں مظالم کے باوجود بھی کشمیریوں کا جذبہ حریت بلند ہے۔
تازہ ترین