• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمی برادری کو دہشت گردی کے خلاف متحد ہونا ہوگا، علی رضا سید

برسلز(حافظ اُنیب راشد) چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید نے کہاہے کہ عالمی برادری کو دہشت گردی کے خلاف متحد ہونا پڑے گا۔ ہم نیوزی لینڈ کی دومساجد پر دہشت گردانہ حملوں کی مذمت کرتے ہیں۔ علی رضا سید نے کہاکہ کرائسٹ چرچ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔ ہمیں اس گھناؤنے حملے میں انسانی جانوں کے نقصان پر دکھ ہے۔ انھوں نے کہاکہ کشمیری ایک لمبے عرصے سے بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا شکار ہیں۔ ہم بطور کشمیری اس واقعے میں شہید ہونے افراد کے خاندانوں کے درد اور مصیبت کو سمجھتے ہیں اور دکھ کی اس گھڑی میں ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے کہاکہ یہ دہشت گردانہ واقعات انتہائی افسوسناک اور قابل نفرت ہیں۔بے گناہ اورنہتے لوگوں پرحملے ہرگز قابل قبول نہیں۔ یہ آزادی، انسانی اقدار اور انسانیت پر حملہ ہے۔علی رضاسید نے اس موقع پر نیوزی لینڈ کی عوام اور خاص طورپر اس واقعے میں مارے جانے والے افرادکے لواحقین کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہارکیا اور ان کی مغفرت کی دعا کی۔ انھوں نے کہاکہ دہشت گردی ایک عالمی مسئلہ ہے اور یہ دنیاکی سلامتی کے لیے انتہائی خطرناک ہے۔ اس لعنت سے چھٹکارا حاصل کرنا ہوگا۔ دہشت گردوں کا کوئی مذہب اور قوم نہیں بلکہ دہشت گرد انسانیت کے دشمن ہیں۔
تازہ ترین