کراچی(عبدالماجد بھٹی،اسٹاف رپورٹر) پاکستان سپر لیگ کے سپر فائنل اور فیصلہ کن معرکے کے لئے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں اسٹیج تیار ہے۔فائنل میچ میں وزیراعظم عمران خان اورآرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی آمد متوقع ہے جبکہ آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو ڈیو رچرڈسن پی ایس ایل فائنل میں موجود ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق گذشتہ روز ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے نیشنل سٹیڈیم کا دورہ کیا اور سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔سابق چیمپین پشاور زلمی کا میچ دو بار فائنل میں شکست کھانے والی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے مقابلہ کرے گی۔دونوں ٹیمیں تیسری بار فائنل میں شرکت کررہی ہیں۔33ہزار تماشائیوں والے اسٹیڈیم کے تمام ٹکٹ ایڈوانس میں فروخت ہوچکے ہیں اور شائقین کرکٹ کا جوش وخروش قابل دید ہے۔کوئٹہ کے پاس ان فارم شین واٹسن ہیں اور سرفراز احمد پر امید ہیں کہ شین واٹسن،براوو،احمد شہزاد،عمر اکمل اوراسپیڈ اسٹار محمد حسنین کی موجودگی میں اس بار انہیں جیت سے روکنا مشکل ہے۔پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے اپنی کامیابی کا دعوی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم ٹائیٹل جیتنے کے لئے فیورٹ ہیں۔فائنل رات آٹھ بجے شروع ہوگا جبکہ اختتامی تقریب شام چھ بجے شروع ہوگی۔ٹورنامنٹ کے دونوں لیگ میچوں میں کوئٹہ نے پشاور کو شکست دی تھی۔کوئٹہ نے پشاور کو2016اور2017کے کوالی فائر میچ میں شکست دی تھی جبکہ پشاور نے2017کے فائنل اور2018کے ایلینیٹر میں کوئٹہ کو شکست دی تھی۔ہفتے کو یشنل اسٹیڈیم کراچی میں پی ایس ایل 4 ٹرافی کی رونمائی کی گئی جس میں کپتان سرفراز احمد اور ڈیرن سیمی کا ٹرافی تھامے فوٹو سیشن ہوا اور دونوں کے درمیان دلچسپ مکالموں کا تبادلہ بھی کیا گیا۔دوسرا فوٹو سیشن مزار قائد پر ہوا۔ ڈیرن سیمی نے سرفراز سے کہا کہ آج ٹرافی تم اٹھاؤ کل ہم اٹھائیں گے، ایسے میں سرفراز احمد نے بھی بھرپور جذبے سے جواب دیا کہ ہم آج بھی اٹھائیں گے اور کل بھی۔ڈیرن سیمی نے پی ایس ایل ٹرافی کا جف سوشل میڈیا ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں کل شدت سے اس کو چاہتا ہوں آپ کو کیا لگتا ہے یہ میرے پاس آسکتی ہے؟۔ڈیرن سیمی نے شائقین کرکٹ سے اپیل کی ہے کہ وہ فائنل میں زلمی کی شرٹ پہن کر آئیں اور نیشنل اسٹیڈیم کو پیلا کردیں۔ڈیرن سیمی نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کا ماحول بہت اچھا ہے اور یہاں پر کھیلنے میں بہت مزہ آیا۔انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کا پانچواں پاکستان میں ہوگا یا نہیں اس بارے میں فیصلہ نہیں کرسکتا، تاہم پی ایس ایل کھیل کر میں انجوائے کرتا ہوں اور آگے بھی کرتا رہوں گا۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑی شین واٹسن کی کارکردگی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر پشاور زلمی کے کپتان کا کہنا تھا کہ شین واٹس ہمارے لیے درد سر بنے ہوئے ہیں لیکن فائل کے لیے حکمت عملی بنالی ہے۔ حکمت عملی سب کے سامنے نہیں بتاسکتا، ہماری باؤلنگ بہت مضبوط ہے، ہم نے پی ایس ایل کے ہر میچ میں بھرپور مقابلہ کیا۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ہم تیسری مرتبہ فائنل کھیل رہے ہیں اور کوشش کریں گے کہ ہم جس طرح پورے ٹورنامنٹ میں کارکردگی دکھائی، فائنل میں بھی ایسا کھیل پیش کریں گے۔ پی ایس ایل کے میچز پاکستان میں ہونے پر لوگوں کا ولولہ قابل دید ہے اور اسی جوش کو دیکھتے ہوئے پی ایس ایل 5 پاکستان میں ہونا چاہیے۔ بطور کپتان فائنل جیتنا ہر کسی کی خواہش ہوتی ہے، ہماری کوشش ہوگی کہ فائنل میں اچھی کرکٹ کھیلیں اور کامیابی حاصل کریں۔ سرفراز احمد نے کہا کہ کراچی کے شائقین نے جس طرح ٹیموں کو سپورٹ کیا اور کراچی میں رہنے کی حیثیت سے ہماری خواہش ہوگی کہ ہم ٹیم کو میچ میں کامیابی دلوائیں۔شین واٹسن کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ انہوں نے پورے ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی دکھائی اور وہ ہمارے اچھے کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔ڈیرن سیمی نے مزید کہا کہ مصباح ہماری ٹیم کی خوبصورتی ہے اور زلمی کسی ایک کھلاڑی پر نہیں ٹیم کی طرح کھیلتی ہے جب کہ میری خود کی پرفارمنس میرے لیے بہت معنی رکھتی ہے کیونکہ پشاور زلمی کو میری ضرورت ہ پی ایس ایل کے حوالے سے کہنا تھا کہ اس لیگ میں بولنگ کا معیار بہت اعلیٰ ہے لیکن یہ کہنا غلط ہوگا کہ پی ایس ایل سے بیٹسمین نہیں مل رہے پورے ایونٹ میں ہماری ٹیم اچھا کھیلی ہے اب ہم تیسری مرتبہ فائنل کھیلنے جارہے ہیں اور کامیابی کے لیے پرامید ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹاس میچ کے نتیجے پر اثر انداز ہوگا جب کہ 190 رنز اسکور کرنے والی ٹیم کو برتری حاصل ہوسکتی ہے۔سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ کل کے میچ میں شروع کے بیٹسمین اہم کردار ادا کریں گے تاہم شین واٹن اور عمر اکمل ہمارے مرکزی بیٹسمین ہوں گے جب کہ احسان علی اور احمد شہزاد سے بھی امیدیں ہیں۔ دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کی خوبی اور خامی سے واقف ہیں تاہم باؤنڈری میں اضافے کے بعد بولرز اور بیٹسمین خوش ہیں۔فائنل کی حکمت عملی سے متعلق سرفراز احمد نے کہا کہ ہم بھی پوری تیاری کے ساتھ اتریں گے، دونوں ٹیموں کی اپنی اپنی صلاحیت ہیں، کسی بھی ٹیم کا ٹاپ آرڈر بہت اہمیت کا حامل ہے۔فائنل میں رین مور مارٹینیز اور احسن رضاامپائر ہوں گے۔شوزب رضا ٹی وی امپائر اور راشد ریاض فورتھ امپائر ہوں گے۔سری لنکا کے روشن ماہناما میچ ریفری ہوں گے۔