• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کاروباری اداروں پر چھاپے نہیں مارے جائیں گے،چیئرمین ایف بی آر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) چیئرمین ایف بی آر جہانزیب خان نے کاروباری برادری کو یقین دلایا ہے کہ انکے دفاتر، دکانوں اور فیکٹریوں میں چھاپے نہیں مارے جائینگے نیز اس سلسلے میں جاری ہونے والے تمام نوٹسز واپس لے لیے جائینگے، جن کو شو کاز نوٹس جاری ہو وہ اس پر رپورٹ کریں۔ چیئرمین ایف بی آر نے یہ یقین دہانی ہفتہ کو فیڈریشن ہاؤ س کراچی میں تاجروں اور صنعت کاروں سے خطاب کرتے ہوئے کرائی۔ وہ ایف پی سی سی آئی کے صدر انجینئر دارو خان اچکزئی کی دعوت پر فیڈریشن ہائوس آئے تھے۔ اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر مرزا اختیار بیگ، سابق صدر زبیر طفیل،خالد تواب،مظہر علی ناصر اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں موجود تاجروں اور صنعت کاروں کی بڑی تعداد نے ایف بی آر اہلکاروںکی جانب سے ہراساں کرنے چھاپے مارنے پر پھٹ پڑے اور دیگر شکایات کے انبار لگا دیئے ،تاہم سابق نائب صدر خالد تواب کی تجویز پر چیئرمین ایف بی آر نے کاروباری مقام پر چھاپے نہ مارنے اور اس طرح کی شکایات پر ایف بی آر اور فیڈریشن میں تعاون کیلئے ایک فوکل پرسن مقرر کرنے سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ کو ئی چھاپہ نہیں مارا جائیگا۔ چیئرمین ایف نے کہا کہ ہماری زیادہ توجہ ٹیکس ادا نہ کرنے والوں کو نیٹ میں لانے پر ہے، اس مقصد کیلئے ایسے نان فائلرز جو کہ ریگولر بیرون ملک کا سفر کرتے ہیں ،لگژری گاڑیاں خریدتے ہیں یا پھر اپنے بچوں کی بھاری فیس داد کرتے ہیں انکا نادرا سے ڈیٹا حاصل کیا جارہا ہے۔ چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ صنعتکاروں کے مسائل کو حل کیا جائیگا، ایف بی آر کسی صورت بزنس کمیونٹی کو ہراساں نہیں کریگا، بے نامی اکائونٹ کے ایک الگ سیکشن بنا رہے ہیں، اگر بے نامی اکاونٹس اگر سامنے آئیں تو اس کو ضبط کیا جائیگا۔
تازہ ترین