کراچی کے علاقے صدر میں ریگل کے قریب سنگر چوک پر دو گاڑیوں میں تصادم کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔
پریڈی پولیس کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی دونوں کاریں انتہائی تیز رفتار تھیں۔ پولیس کے مطابق ایم اے جناح روڈ کی طرف سے آنے والی کار نمبر بی جی زیڈ 193 ایمپریس مارکیٹ کی طرف سے آنے والی کار نمبر بی سی وی 326 سے خوفناک طریقے سے ٹکرائی جو کئی قلابازیاں کھاتے ہوئے فٹ پاتھ میں گھس گئی۔
پولیس کے مطابق اسی کار میں سوار ایک شخص جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوئے اور یہ گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔ اس کار سے ٹکرانے والی سیاہ گاڑی کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
ایس ایچ او پریڈی لیاقت حیات کے مطابق دونوں گاڑیوں کو قبضے میں لے لیا گیا ہے اور حادثے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
پولیس کے مطابق رات کو یہ علاقہ ویران ہونے کی وجہ سے شہری گاڑیاں غیر معمولی طور پر تیزرفتاری سے چلاتے ہیں اور ایسے حادثات اکثر پیش آتے ہیں۔