• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حالیہ پاک بھارت کشیدگی :دونوں جانب سے میزائل حملوں کی دھمکی

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق پاکستان بھارت حالیہ کشیدگی کے دوران دونوں ملکوں نے ایک دوسرے پر میزائل چلانے کی دھمکی دی تھی۔ امریکی قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن سمیت دیگر امریکی حکام نے معاملے میں مداخلت کی۔ بات چیت کے دوران امریکا کی کوششیں پاکستان میں موجود بھارتی پائلٹ کی رہائی پر مرکوز تھیں۔

امریکا بھارت سے یقین دہانی لینے میں کامیاب رہا کہ وہ اپنے حملے کے ارادے سے پیچھے ہٹ جائے۔غیر ملکی خبررساں ایجنسی کی جاری کی گئی رپورٹ میں مغربی سفارت کار اور نئی دلی، اسلام آباد،واشنگٹن کے حکومتی ذرائع کے حوالے سے لکھا گیا کہ بھارت نے پاکستان پر چھ میزائل حملوں کی دھمکی دی تھی، جواب میں پاکستان نے تین گنا کارروائی کرنے کی دھمکی دی تھی۔

رپورٹ میں پاکستانی حکومتی وزیر اور اسلام آباد میں مغربی سفارت کار نے تصدیق کی کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کے اندر چھ میزائلوں کے حملےکا خطرہ تھا، لیکن یہ واضح نہیں کہ دھمکی کس نے کس کو دی تھی۔رپورٹ کے مطابق پاکستانی وزیرنے کہا کہ پاکستانی ،بھارتی خفیہ ایجنسیوں نے لڑائی کے دوران آپس میں رابطہ کیا اور اب بھی رابطے میں ہیں۔

پاکستانی وزیر کے مطابق چین اور متحدہ عرب امارات نے بھی معاملے میں مداخلت کی۔ مغربی سفارت کار نئی دلی اور بھارتی حکام کے مطابق ستائیس فروری کو جان بولٹن نے بھارتی قومی سلامتی کے مشیرسے رابطہ کیا،اس کے بعد مائیک پومپیو نے دونوں فریقین سے رابطہ کیا،امریکی وزارت خارجہ نے میزائل حملوں کی دھمکیوں کی معلومات سے متعلق کوئی جواب نہیں دیا۔ رپورٹ میں لکھا گیا ہے کہ بھارت نے تصدیق کی کہ وہ کشیدگی کے دوران عالمی طاقتوں سے رابطے میں تھا۔

تازہ ترین