نیوزی لینڈ میں مساجد پر حملہ کرنے والے دہشت گرد برینٹن ٹیرینٹ کے اہل خانہ بھی صدمے سے دوچار ہیں ، انہوں نے شہداء کے ورثا اور زخمیوں سے معافی مانگی ہے ۔
مساجد پر حملہ کرنے والے آسٹریلین دہشت گرد برینٹن ٹیرینٹ کے آسٹریلیا میں موجود اہل خانہ نے بھی واقعے پر دکھ کا اظہار کیا ہے ۔
حملہ آور کے انکل ٹیری فٹز جیرالڈ اور دادی میری کا کہنا ہے کہ وہ افسردہ اور غمزدہ ہیں، انہوں نے بتایا کہ یہ سننا اور دیکھنا آسان نہیں تھا ، ان کے پاس الفاظ نہیں ہیں اور وہ شہید ہونے والوں کے ورثا سے معافی مانگتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ 2010 میں اپنے باپ کے انتقال کے بعد برینٹن یورپ کے دورے پر گیا اور اس دورے میں وہ مکمل طور پر تبدیل ہوگیا ۔
دوسری جانب آسٹریلین پولیس نے برینٹن ٹیرینٹ کی والدہ اور بہن کو حفاظتی تحویل میں لے کر سیف ہاؤس میں رکھا ہوا ہے ، برینٹن کی فیملی تحقیقات میں پولیس کی مدد کر رہی ہے۔