• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آج، آپ کے پیاروں کی خاطرتواضع کے لیےہماری جانب سےکچھ مِلی جُلی سی تراکیب حاضر ہیں۔ جو چاہیں، ٹرائی کرلیں،لذّت و ذائقے کی داد ہی پائیں گی۔

چکن ملائی بوٹی

اجزاء: چکن (بون لیس بوٹیاں) ایک کلو، تیل تین کھانے کے چمچ، لہسن، ادرک کا پیسٹ ایک چائے کا چمچ، مایونیز آدھا چائے کا چمچ، لیموں(رس نکال لیں)ایک عدد، سفید مرچ ایک چائے کا چمچ، کالی مرچ ایک چائے چمچ، سفید زیرہ پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، دہی ایک پائو، ہری مرچیں(پیس لیں)چار عدد، ہرا دھنیا(پِسا ہوا)دو کھانے کے چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، کوئلہ ایک ٹکڑا اور پکانے کے لیے تیل۔

ترکیب: ایک پیالے میں دہی پھینٹ کر چکن بمع تمام اجزاء ڈال کر دو گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔ پھر ایک پتیلی میں تیل گرم کرکے چکن ڈال کر ہلکی آنچ پر پکنے دیں۔ جب پانی خشک ہوجائے اور تیل نظر آنے لگے، تو چولھا بند کرکے کوئلے کا دھواں دے دیں۔ مزے دار چکن ملائی بوٹی تیار ہے۔

چکن پراٹھا

اجزاء: میدہ آدھا کلو، چکن (بون لیس، اُبال کر ریشےکرلیں) ایک کپ، بند گوبھی(باریک کٹی ہوئی)آدھا کپ، گاجر(باریک کاٹ لیں)ایک عدد،ہری مرچیں(کٹی ہوئی)تین عدد، نمک حسبِ ذائقہ، مایونیز ایک چائے کا چمچ اور تیل۔

ترکیب: میدے میں نمک اور تیل ڈال کر گوندھ لیں اور تھوڑی دیر کے لیے رکھ دیں۔ایک بائول میں تمام اجزاء ڈال کر اچھی طرح مکس کرلیں۔ میدے کو بیل کر پراٹھے کے سائز کی دو روٹیاں بنالیں۔ ایک روٹی کے اوپر چکن والا آمیزہ ڈال کر پھیلا دیں اوراس کے اوپر دوسری روٹی رکھ کر کنارے اچھی طرح دبا دیں۔ پھر توا گرم کرکے پراٹھا سینک لیں اور تیار شدہ پراٹھے کو چار حصّوں میں کاٹ کر ڈش میں رکھ لیں۔

فرائیڈ چکن چلی

اجزاء: چکن (بریسٹ پیس، پتلی اور لمبی شکل میں کاٹ کر بوائل کرلیں) ایک کپ، ہری مرچ قدرے بڑی پندرہ عدد اور تیل۔

چکن فلنگ ساس کے لیے:مایونیز ایک کپ، چلی ساس ایک کھانے کا چمچ، چلی گارلک ساس تین کھانے کے چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، کالی مرچ حسبِ منشاءاور لال مرچ (کُٹی ہوئی)ایک چائے کا چمچ۔

بَیٹر کے لیے: میدہ ایک کپ، کارن فلور آدھا کپ، نمک اور کالی مرچ حسبِ ذائقہ، انڈا(پھینٹ لیں)ایک عدد اور پانی حسبِ ضرورت۔ان سب کو ایک پیالے میں ڈال کر اچھی طرح مکس کرلیں۔

کوٹنگ کےلیے: میدہ ایک کپ، کارن فلور آدھا کپ اور ڈبل روٹی کا چورا۔

ترکیب: ہری مرچوں کو درمیان سے کٹ لگا کر بیج نکال لیں۔پھر ایک باؤل میں چکن اور ساس کے تمام اجزاء ڈال کر اچھی طرح مکس کرلیں۔ اس فلنگ کو ہری مرچوں میں بَھر کے بیٹر میں ڈبو کر پھر کوٹنگ کر کے ڈیپ فرائی کرلیں۔

مِکس سلاد

اجزاء: شملہ مرچ (باریک کٹی ہوئی)ایک عدد، کھیرا(باریک کاٹ لیں)ایک عدد، مٹر (اُبال لیں) ایک کپ، پائن ایپل ایک کپ، بند گوبھی (باریک کٹی ہوئی)آدھا کپ، سیب(باریک کاٹ لیں) ایک عدد، کالی مرچ آدھا چائے کا چمچ، چینی آدھا چائے کا چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، سلاد کے پتّے حسبِ ضرورت اور مایونیز ایک کپ۔

ترکیب: ایک پیالے میں مایونیز کےسوا تمام اجزاء ڈال کر اچھی طرح مِکس کرلیں۔ پھرمایونیز شامل کر کے ایک بار پھر مکس کرکے سلاد کے پتّوں سے سجا کرٹھنڈا ہونے کے لیے فریج میں رکھ دیں۔

(حنا کامران،کراچی)

تازہ ترین