• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کامیاب پی ایس ایل سے پرانا کراچی مل گیا، وزیراعلیٰ سندھ

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی میں کامیاب پی ایس ایل سے پرانا کراچی مل گیا ہے، انشاءاللہ جلد پرانا پاکستان بھی مل جائے گا جس میں لوگ پیار محبت اور امن و سکون کے ساتھ رہتے تھے۔

انہوںنے یہ بات پیر کی شام سندھ اسمبلی بلڈنگ کے کمیٹی روم نمبر ون میںپرجوم پریس کانفرنس اور بعد ازاں صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہی ۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ کے ہمراہ صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی اور مشیر اطلاعات مرتضیٰ وہاب بھی موجود تھے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ نئے پاکستان میں پہلی مرتبہ ایسی حکومت دیکھی ہے جو لوگوں سے کہہ رہی ہے کہ ان کی چیخیں نکل جائیں گی،اگر انہیں کسی وجہ سے حکومت مل بھی گئی ہے تو عوام کے مسائل کے حل پر توجہ دی جائے انہیں خوفزدہ نہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کو صرف آئینی طریقے سے ہٹایا جاسکتا ہے اور دوسرا کوئی طریقہ نہیں ہے جو لوگ دوسرے طریقوں کی بات کررہے ہیں انہیں یاد رکھنا چاہیے کہ انہوں نے بھی آئین کے تحت حلف اٹھا رکھا ہے جس کی پاسداری کرنا ان فرض ہے۔

وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم سب نیوزی لینڈ میں پیش آنے والے واقعہ کی مذمت کرتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ سانحہ میں شہید کراچی سے تعلق رکھنے میں تین کے لواحقین سے ملاقات کی اور تعزیت کی ہے اس واقعے سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں ہوتا ہم سب دہشت گردی کا شکار رہے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی کہا ہے کہ ہمیں اپنے درمیان موجود دہشت گردوں کی نشاندہی کرکے ان کا خاتمہ کرنا ہوگا اور ایسانیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے بعد ہی ممکن ہوسکتا ہے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ہم نیوزی لینڈ میں دہشت گردی کا شکار ہونے والے پاکستانیوں کو ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔

وزیراعلی سندھ نے مزید کہا کہ ہمیں نیشنل ایکشن پلان پراس کیاصل روح کے مطابق عملدرآمد کرنے کی ضرورت ہے سندھ میں ہم نے اس پر بھرپور طریقے سے عملدرآمد کرنے کی کوشش کی ہے پچھلے دنوں کراچی میں پیش آنے والے دہشتگردی اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کا سدباب کیا ہے۔

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ کراچی میں پی ایس ایل کے کامیاب انعقاد پر سب مبارکباد کے مستحق ہیں کچھ لوگ اسے ناکام بنانا چاہتے تھے تاہم خدا کا شکر ہے کہ بدخواہ خود ناکام ہوئے ہیں، اصل کامیابی اتحاد ، امن اور سب سے بڑھ کر پاکستان کی ہے کراچی کے عوام کا بھرپور تعاون حاصل رہا وہ مثالی تھا۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پانی کا مسئلہ سندھ نہیں بلکہ وفاقی حکومت حل کرنا نہیں چاہتی ،انہوں نے کہا کہ لگتا ہے کہ مجھے آج کھل کر بات کرنا پڑیگی سندھ کے ایک صاحب وفاقی حکومت کے اجلاس میں کہتے ہیں کہ ہمیں کے فور نہیں چاہئے ہم نے کے فور کا کنٹریکٹ ایف ڈبلیو او کو دیا مگر اسکے ڈیزائن میں تبدیلی کی وجہ سے تاخیر ہورہی ہےکے سی آر پر چین سے بات نہیں ہورہی ہے۔

ایک سوال پر وزیراعلی سندھ کا کہنا تھا کہ دوسرے اداروں کی مداخلت کی قانون اجازت دیتا ہے نیب کا قانون وفاقی نہیں ہونا چاہئے تھا اگر ہم اپنا قانون بناتے ہیں تو کہتے ہیں کہ خود کو بچانے کے لئے کرتے ہیں اسپیکر آغا سراج درانی نے خود بتایا ہے کہ انکی تمام چیزیں ریکارڈ پر ہیں افسوس کہ قتل کرکے تو ضمانت مل جاتی ہے مگر نیب کے قانون میں ضمانت نہیں ہوتی۔

تازہ ترین