• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

سانحہ کرائسٹ چرچ:کیوی ٹیم کا گول کیپر بھی شہید

سانحہ کرائسٹ چرچ میں نیوزی لینڈ کی قومی فٹسل ٹیم کے گول کیپر عطا الیان بھی شہید ہوگئے۔


فٹبال ایسوسی ایشن نیوزی لینڈ نے بھی کرائسٹ چرچ واقعے میں عطا الیان کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے رنج و غم کا اظہار کیا۔

عطا الیان نیوزی لینڈ کی قومی فٹسل ٹیم کے گول کیپر تھے جنہوں نے 19 انٹرنیشنل میچز کھیلے تھے جب کہ وہ ساتھ ہی مقامی اسکول کی فٹسل ٹیم کے کوچ بھی تھے۔

شہید فٹبالر مین لینڈ کلب سے بھی منسلک تھےجبکہ 2014 میں نیوزی لینڈ کی فٹسل ٹیم کے سال کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے۔

دہشتگردی کے واقعے میں شہید ہونے والے فٹبالرکا آبائی تعلق فلسطین سے تھا تاہم والدین کی ہجرت کے باعث ان کی پیدائش کویت کی تھی ۔

عطا الیان ان دنوں سافٹ ویئر کمپنی بھی چلارہے تھے، ان کے پسماندگان میں اہلیہ اور ایک ننھی بیٹی شامل ہے۔

فٹبالر کے ساتھیوں نے کرائسٹ چرچ دہشت گردانہ حملے کے متاثرین سے اظہار یکجہتی کیلئےجائے وقوعہ پر پھول رکھ کراپنے ساتھی کو خراج عقیدت پیش کیا۔

شہید عطا الیان کے ساتھی فٹبالر اس موقع پر انہیں یاد کرکے ضبط نہ کرسکے اور زاروقطار روتے رہے۔

مین لینڈ فٹبال فیڈریشن نے عطا الیان سمیت کلب سے جڑے 3 فٹبالرز کی شہادت کی تصدیق کی ہے جن میں 24 سالہ طارق عمر اور 14 سالہ سید میلین شامل ہیں۔

واضح رہے کہ 15 مارچ کو نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی دو مساجد میں دہشت گردانہ حملے کے نتیجے میں 9 پاکستانیوں سمیت 50 افراد شہید اور درجنوں زخمی ہوئے تھے۔

تازہ ترین
تازہ ترین