• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس ایل جیتنے کے بعد سرفراز کو زور کا جھٹکا

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو پاکستان سپر لیگ سیزن فور جیتنے کے بعد زور کا جھٹکا اس وقت لگا جب پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے اعلان کردہ پی ایس ایل کی بیسٹ الیون ٹیم سے وہ باہر ہو گئے۔


پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپرلیگ کی بیسٹ الیون ٹیم کا اعلان کیا تھا جس کے مطابق لاہور قلندرز کے کھلاڑی اے بی ڈی ویلیئزز کو ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا جبکہ پاکستان سپرلیگ میں 430 رنز بنانے والے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے شین واٹسن اور پشاور زلمی کے وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل کو اوپنر مقرر کیا گیا۔


دیگر کھلاڑیوں میں کراچی کنگز سے بابر اعظم، اسپنر عمر خان اور کولن انگرام، اسلام آباد یونائیٹڈ سے آصف علی اور فہیم اشرف، پشاور زلمی سے کیرن پولارڈ، وہاب ریاض اور حسن علی جبکہ بارہواں کھلاڑی لاہور قلندرز کے سندیپ لمی چانے کو رکھا گیا تھا۔

واضح رہے کہ اس ٹیم کا انتخاب سابق کپتان رمیز راجا،مدثر نذر اور ڈینی مویریسن نے کیا ہے۔

کچھ روز قبل پی سی بی کی جانب سے سرفراز احمد کو آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں آرام دیا گیا ہے اور ان کی جگہ شعیب ملک کو ٹیم کا قائم مقام کپتان مقرر کیا گیا ہے۔

آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز میں سرفراز کے علاوہ بابر اعظم، حسن علی، شاداب خان اور فخر زمان کو بھی آرام دیا گیا ہے۔ 

تازہ ترین