• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپرلیگ سپر کامیاب، شاباش کراچی، 8میچز کیلئے دو لاکھ شائقین اسٹیڈیم پہنچے

 کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کےفائنل سمیت8 میچوں کو تقریباً دو لاکھ افراد نے گرائونڈ آکر دیکھا جو ایک بڑی کامیابی ہے۔ ڈیڑھ سو غیر ملکی مہمانوں سمیت39 غیر ملکی کرکٹرز کراچی آئے ان میں آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ رچرڈسن، فیکا ، بنگلہ دیش اور کرکٹ آسٹریلیا کے نمائندے ، سابق ٹیسٹ کرکٹرز اور کمنٹیٹرز شامل ہیں۔ وہ پیر کو نیشنل اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ احسان مانی نے کہا کہ سات میچوں میں اسٹیڈیم 95فیصد اور فائنل میں سو فیصد بھر گیا۔ ٹورنامنٹ کی کامیابی کا تمام تر سہرا پر جوش تماشائیوں کو جاتا ہے۔ پی ایس ایل کی کامیابی انٹر نیشنل کرکٹ کی بحالی کی جانب اہم پیش رفت ہے۔ اگلے سال پی ایس ایل کے میچ ملک کے دیگر شہروں میں بھی کرائے جائیں گے ۔ ٹورنامنٹ کی کامیابی کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پندرہ میچوں کا فیصلہ آخری اوور میں ہوا21میچوں میں170سے زائد رنز بنے۔ لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے میچ میں404رنز بنے۔ میڈیا اور والنٹیرز نے ایونٹ کو کا میاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ پی ایس ایل کی وجہ سے پی سی بی کی ٹیم چھ ہفتے سے نہیں سوئی۔ انٹرنیشنل اور مقامی کھلاڑیوں، شائقین ، سیکیورٹی اداروں اور میڈیا کا شکریہ جن کی وجہ سے ٹورنامنٹ کامیابی سے ہمکنار ہوا۔ کمرشل پارٹنر بھی ہمارے ساتھ کھڑے رہے۔ پوری کوشش ہوگی کہ اگلے سال پی ایس ایل کے تمام میچ پاکستان میں ہوں۔ وزیر اعلیٰ سندھ اور انتظامیہ نے میچز کے انعقاد میں اہم کردار ادا کیا۔ پاک بھارت کشیدگی کے دوران براڈ کاسٹرز کی مشینری لانے میں مشکل پیش آئی۔ سیاست اور کرکٹ کو ملانا نہیں چاہیے۔ بھارت نے کرکٹرز کو سپر لیگ کھیلنے سے روکا تو آئی سی سی سے بات کریں گے۔ بھارت پہلے دن سے ہی پی ایس ایل ناکام بنانے کے لیے سرگرم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میران شاہ اور مظفر آباد میں میچ کروانے سے متعلق جائزہ لیں گے۔ ٹیموں کے دورے سے متعلق ماہرین کو مطمئن کرنے کی کوشش کی ہے، ہماری کوشش ہوگی کہ سری لنکا سے پوری سیریز پاکستان میں ہو۔ پی سی بی کے کرائسٹ چرچ سانحے پر ردعمل کو سب نے سراہا، کرکٹ رکنے سے دہشت گردی کی جیت ہوتی ہے۔ ہم نے اختتامی تقریب کو سادہ رکھا، تقریب میں سے ڈانس نکال دیا گیا تھا۔ تقریب سے پہلے فضا میں کبوتر بھی چھوڑے گئے یہ کبوتر امن کی علامت تھے۔ اسلام آباد یونائٹیڈ نے اپنا اسپرٖٹ آف دی کرکٹ ایوارڈ آصف علی کے نام کیا، آصف کی بیٹی کینسر سے جنگ لڑ رہی ہے۔

تازہ ترین