• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منی لانڈرنگ کیس اسلام آباد منتقل،دستاویزات جمع، عدالت نے نامکمل قرار دیکر نیب کو واپس کردیں

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) ایف آئی اے نے میگا منی لانڈرنگ کیس کی تمام دستاویزات احتساب عدالت میں جمع کرا دیں تاہم تمام ریکارڈ بے ترتیب پایا گیا، 3؍ ہزار صفحات پر مشتمل دستاویزات بھی غائب پائی گئیں، جس پر عدالت نے ریکارڈ مکمل قرار دیتے ہوئے نیب کو واپس کردیا۔دوسری جانب احتساب عدالت کے جج محمدبشیر نے جعلی بنک اکاؤنٹس کیس میں گرفتار دو ملزمان سابق ڈائریکٹر کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی نجم الزمان اور سابق ڈائریکٹر اسپیشل انیشی ایٹو ڈیپارٹمنٹ حسن میمن کو 10روزہ جسمانی ریمانڈپر نیب کے حوالےکر دیا۔ پیر کو ایف آئی اے نےنیب حکام کی موجودگی میں آصف زرداری اور دیگرکیخلاف جعلی بنک اکاؤنٹس اور میگا منی لانڈرنگ کیس کی تمام دستاویزات کراچی کی بینکنگ کورٹ سے اسلام آبادکی احتساب عدالت کے رجسٹرار آفس میں جمع کرا ئیں، رجسٹرار آفس نے دستاویزات کی اسکروٹنی اور جانچ پڑتال کے بعد اسے نامکمل اوربے ترتیب قرار دینے کا اعتراض عائد کرتے ہوئے نیب کے حوالے کر دیا۔ ذرائع کے مطابق اومنی گروپ کے چیف فنانشل آفیسر اسلم مسعود اور دیگر کیخلاف کیس کی دستاویزات ایف آئی اے نے نیب حکام کی موجودگی میں احتساب عدالت میں جمع کرائی تھیں، تاہم تمام ریکارڈ بے ترتیب پایا گیا، جس پر رجسٹرار آفس نے نیب کو ریکارڈ مکمل اور ترتیب کیساتھ جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔

تازہ ترین