• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سانحہ کرائسٹ چرچ: اظہار یکجہتی کیلئے ٹوکیو میں مظاہرہ

نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں دومساجد میں دہشت گردانہ حملے میں پچاس مسلمانوں کی شہادت پر ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں پاکستانی اور بنگلہ دیشی مسلمانوں کی جانب سے مظاہرے کا انعقاد کیا گیا۔

مظاہرین نے نیوزی لینڈ کی حکومت اور شہداء کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اور شہداء کی غائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کی گئی جس کی امامت معروف مذہبی اسکالر ڈاکٹر عبد الرحمان صدیقی نے کی۔

مظاہرے کے شرکاء نے ایک یادداشت پر دستخط بھی کیے جو بعد میں نیوزی لینڈ کے سفیر کے حوالے کی گئی ۔

سفارتخانے کے قریب موجود پارک میں ہونے والے مظاہرے کے شرکاء منظم انداز میں بعد میں نیوزی لینڈ کے سفارتخانے پہنچے جہاں تعزیتی کتاب رکھی گئی تھی جس میں مظاہرین نے باری باری اپنے تاثرات بھی درج کیے۔

اس حوالے سےمعروف کمیونٹی سماجی و سیاسی رہنما نعیم آرائیں کا کہنا ہے کہ آج کے مظاہرے کا مقصد دنیا کو یہ باور کرانا ہے کہ مسلمان دہشت گرد نہیں بلکہ دہشت گردی کا شکار ہیں دنیا مسلمانو ں کے خلاف منفی پروپیگنڈہ ختم کرے۔

اس موقع پر معروف مذہبی اسکالر عبد الرحمن صدیقی نے کہا کہ معصوم مسلمانوں کی شہادت نے دنیا کو بتا دیا ہے کہ دہشت گردی کا تعلق کسی مذہب سے نہیں ہے ۔

معروف سماجی شخصیت انعام الحق نے کہا کہ آج کے مظاہرے کا مقصد احتجاج نہیں بلکہ اظہار یکجہتی ہے اور ہم نیوزی لینڈ کی حکومت سے بھی بہت متاثر ہیں جس نے مسلمانوں کے دکھ درد میں ان کا ساتھ دیا ہے۔

مظاہرے کے اختتام پر نعیم آرائیں نے ایک یادداشت جاپان میں نیوزی لینڈ کے سفیر کوبھی پیش کی ۔

مظاہرے کے انتظامی امور میں نعیم آرائیں ،راشد صمد خان اور حاجی انعام الحق ،محمد یوسف سمیت کئی اہم ارکان شامل تھے۔

چھٹی نہ ہونے کے باوجود بڑی تعداد میں لوگوں نے مظاہرے میں شرکت کی ، جبکہ جاپانی پولیس نے بھی بڑی تعداد میں سکیورٹی کے انتظامات کررکھے تھے ،مظاہرے کی کوریج کے لیے جاپانی اور غیر ملکی میڈیا کی بھی بڑی تعداد موجود تھا۔

تازہ ترین