• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ستارہ امتیاز ملنے پر سوال، مہوش حیات کا خواتین کارڈ کا استعمال

کراچی (ایجنسیاں) اداکارہ مہوش حیات نے انہیں تمغہ امتیاز ملنے پر سوال اٹھانے والوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے خواتین کارڈ کا استعمال کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں سے خواتین کی کامیابی کیوں ہضم نہیں ہوتی اور جس طرح خواتین کے کردار پر سوال اٹھائے جاتے ہیں اس طرح مردوں پر سوالات کیوں نہیں اٹھائے جاتے۔ ایک انٹرویو کے دوران تمغہ امتیاز ملنے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مہوش حیات نے کہا بطور پاکستانی صدر پاکستان سے سول ایوارڈ حاصل کرنا ایک خواب جیسا ہے۔ مہوش حیات نے بتایا جب مجھے تمغہ امتیاز دینے کااعلان کیا گیا تو مجھے یقین نہیں آیا میری آنکھوں میں خوشی کے آنسو تھے۔ میں کراچی کی رہنے والی ایک عام سی لڑکی ہوں جو صرف اپنے خواب پورے کرنا چاہتی ہے تاہم یہ اعزاز ملنے کا مطلب ہے کہ میری محنت کو دنیا بھر میں تسلیم کیا جارہا ہے۔مہوش حیات نے انہیں تمغہ امتیاز ملنے پر تنقید کرنے والوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا مجھے ایوارڈ ملناچاہئے یا نہیں یہ ایک الگ معاملہ ہے اور لوگ اس پر اپنی رائے دینے کے حقدار ہیں، تاہم اس حوالے سے میری کردار کشی کرنا حد پار کرنے کے مترادف ہے۔ ہماری انڈسٹری میں اگر کوئی خاتون کامیابی حاصل کرتی ہے یا اسے اس کے کام کے لیے سراہا جاتا ہے تو لوگ کیوں اس کے کردار پر شک کرنے لگ جاتے ہیں؟ جب کہ کسی آدمی کے کام کو جب سراہا جاتا ہے اور اسے کسی اعزاز سے نوازا جاتا ہے تو لوگ اس کے کردار پر سوال کیوں نہیں اٹھاتے؟

تازہ ترین