• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی سی بی کا خواتین سلیکشن کمیٹی فارغ کرنے کا فیصلہ، معاہدے کی تجدید نہیںکی جائے گی

کراچی (عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے جلال الدین کی سربراہی میں کام کرنے والی خواتین سلیکشن کمیٹی کو فارغ کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے اور تاریخ میں پہلی بار نئی سلیکشن کمیٹی خواتین کرکٹرز پر مشتمل ہوگی فروری میں معاہدہ ختم ہونے کے بعد اس کی تجدید نہ کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ منیجنگ ڈائر یکٹر وسیم خان کی تقرری کے بعد پی سی بی پہلا بڑا انتظامی فیصلہ کرنے جارہا ہے۔ پی سی بی نے چند ہفتے قبل وسیم خان کو پی سی بی میں کرکٹ امور کا نگراں بنا دیا ہے۔ جبکہ انتظامی امور جس میں مارکیٹنگ، فنانس ،ایچ آر ،ایڈمن قابل ذکر ہیں ان کی ذمے داری چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد کے سپرد ہے۔ نئی سلیکشن کمیٹی کا اعلان اگلے چند دن میں متوقع ہے۔ خواتین کی نئی سلیکشن کمیٹی موجودہ دور کی خواتین کرکٹرز پر مشتمل ہوگی۔ جو نئے وژن کے تحت خواتین کرکٹ کو اوپر لانے کے لئے اقدامات کرے گی۔ نئی سلیکشن کمیٹی جدید کرکٹ سے ہم آہنگ ہوگی ۔ سلیکشن کمیٹی کو ایسے وقت میں ذمے داریوں سے سبکدوش کیا جارہا ہے جب پاکستان خواتین ٹیم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز میں کامیابی حاصل کی ہے۔ ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ سلیکشن کمیٹی کے عہدے کی معیاد فروری میں ختم ہوگئی تھی۔ کراچی میں پی ایس ایل کے دوران پی سی بی ایم ڈی وسیم خان نے جلال الدین سے ملاقات میں انہیں بتادیا کہ بورڈ ان کے معاہدے میں دلچسپی نہیں رکھتا تاہم جلال الدین، اسماویہ اقبال اور اختر سرفراز پر مشتمل سلیکشن کمیٹی کی کارکردگی اور خدمات کو سراہا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے ون ڈے کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کر نے والے پہلے بولر جلال الدین کی خدمات کو سراہا اور انہیں بتا یا گیا کہ خواتین کرکٹرز کو ہی سلیکٹر بناکر پاکستان کرکٹ کو اوپر لانے کے لئے کوشش کی جارہی ہے۔ کراچی میں پریس کانفرنس میں ایک دن پہلے احسان مانی نے کہا تھا کہ میری ترجیحات میں خواتین کی کرکٹ بھی شامل ہے۔ کرکٹ کے بزنس پلان میں خواتین کرکٹ اوپر ہے۔ ہم کبھی بھی خواتین کی کرکٹ کو نظر انداز نہیں کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی خواتین کرکٹ کو بھی اپنی ترجیحات میں سرفہرست رکھنا چاہتا ہے۔ نئی سلیکشن کمیٹی کی تقرری سے خواتین کرکٹ میں قوت بڑھے گی۔ اور وہ دور جدید سے ہم آہنگ ہوں گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی میں مزید تقرریوں اور انتظامی تبدیلیوں کا امکان ہے۔ انضمام الحق کی سربراہی میں کام کرنے والی سنیئر سلیکشن کے عہدے کی معیاد جولائی میں ورلڈ کپ کے بعد ختم ہورہی ہے تاہم سنیئرسلیکشن کمیٹی کو نیا معاہدہ دینے کا انحصار ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کی کارکردگی پر ہوگا۔

تازہ ترین