• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سانحہ کرائسٹ چرچ قابل مذمت، مسلم کمیونٹی کو مکمل تحفظ کا یقین دلاتے ہیں، چیف کانسٹیبل ویسٹ یارکشائر

ہیلی فیکس(زاہد انور مرزا) سانحہ نیوزی لینڈ کے خلاف اور مسلم کمیونٹی سے اظہار یکجہتی کیلئے چیف کانسٹیبل ویسٹ یارکشائرڈ کی واہاٹ ہیڈ، کالڈرڈیل کونسل کے لیڈر کونسلر ٹیم سیفٹ، ویسٹ منسٹر چرچ ہیلی فیکس کے پادری کے علاوہ کالڈرڈیل کونسل کے اعلیٰ حکام سمیت انٹرفیتھ عہدیداران نے ہیلی فیکس کی مرکزی جامع مسجد مدنی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر مسجد کی انتظامیہ، کونسلر فیصل شوکت و دیگر مسلم کمیونٹی کی شخصیات نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف کانسٹیبل پولیس ویسٹ یارکشائر واھاٹ ہیڈ نے کہا کہ کرائسٹ چرچ واقعہ پر مسلم کمیونٹی کے ساتھ کھڑے ہیں اور واقعہ کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ مسلمانوں کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کا یقین دلاتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ ہم ایک کمیوٹی ہیں اور ہر قسم کی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ کالڈرڈیل کونسل کے چیف ایگزیکٹو کونسل ٹیم سیفٹ نے کہا کہ وہ مسلم کمیونٹی کے ساتھ مکمل طورپر اظہار یکجہتی کرتے ہیں اور نیوزی لینڈکے شہر کرائسٹ چرچ واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام مذاہب امن محبت اور بھائی چارے کا درس دیتے ہیں۔ ویسٹ منسٹرچرچ ہیلی فیکس کے پادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم اپنے مسلم بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے جمع ہیں اور نیوزی لینڈ کی مساجد میں ہونے والے واقعے کی مذمت کرتے ہیں۔ تقریب کا آغاز خطیب مرکزی جامع مسجد مدنی علامہ ابراہیم نے تلاوت قرآن مجید سے کیا جبکہ انتظامیہ کے سینئر ممبر حاجی ملک ادریس نے خطاب کرتے ہوئے تمام مہمانوں کو مسجد آمد پر خوش آمدید کہا، انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی مساجد میں ہونے والی دہشت گردی کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، مسلم کمیونٹی اس وقت غم سے نڈھال ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ نیوزی لینڈ کی حکومت آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے سخت اقدامات کرے گی۔ کونسلر فیصل شوکت نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مغرب میں بڑھتے ہوئے ایسے واقعات انتہائی افسوس ناک ہیں، نیوزی لینڈ میں ہونے والی دہشت گردی کی مکمل تحقیقات ہونی چاہئے، انہوں نے کہا کہ وہ غیر مسلم کمیونٹی کے افراد کے مسجد آنے پر شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے مسلم کمیونٹی کے ساتھ اظہار تعزیت کیا۔ تقریب میں دیگر کمیونٹیزکے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور نیوزی لینڈ واقعے پر مسلم کیمونٹی سے اظہار یکجہتی کیا، ہیلی فیکس کی مسلم کمیونٹی نے اس موقع پر مختلف کمیونٹیز کے مسجد میں آکر تعزیت کرنے پر شکریہ ادا کیا اور ان کے جذبات کو سراہا۔

تازہ ترین