• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوکے اسلامک مشن کے پراجیکٹ ’’اسلام آئوٹ رچ‘‘ کاآغاز کردیاگیا

برمنگھم (ابرار مغل) اسلام کے خلاف ہونے والی سازشوں اور بڑھتی نفرت کے خاتمے کے لئے ہمیں اسلام کی آفاقی تعلیمات اور لٹریچر کو عام کرکے اپنا پیغام غیر مسلموں تک پہنچانا ہوگا۔ تمام مذاہب اور کمیونٹیز کو باور کرانا ہوگا کہ اسلام پوری کائنات کے لئے منبع رشد و ہدایت ہے۔ اسلام کی تعلیمات اور اصول نہ صرف مسلمانوں بلکہ کائنات بھر کے لئے ہیں۔ اسلام کے بارے میں غلط تاثر اور رائے کے برعکس غیر مسلموں کو اسلام اور قرآن کا مطالعہ کرنا ہوگا، ’’اسلام آئوٹ رچ‘‘ (Islam Out Rech) اس سلسلے میں انگلش سمیت مختلف زبانوں میں اسلامی لٹریچر کے اسٹال بھی لگا رہا ہے، تاکہ غیر مسلم درست اسلام کو جان سکیں۔ ان خیالات کا اظہار یوکے اسلامک مشن کے ذیلی پراجیکٹ ’’اسلام آئوٹ رچ‘‘ کے آغاز کے موقع پر منعقدہ ایک تقریب سے حاجی محمد ایوب انجم ایم بی ای، حاجی محمد سعید مغل ایم بی ای، یوکے اسلامک مشن کے حاجی محمود خان، ڈاکٹر عرفان، محمد سلیم اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جبکہ اس موقع پر اس نئے پراجیکٹ کے زیراہتمام مختلف منصوبوں، لٹریچر اور دیگر متعلقہ اشیاء کی نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ مغل ویلفیئر ٹرسٹ برطانیہ کے چیئرمین حاجی محمد سعید مغلMBE، حاجی محمد ایوب انجم، ڈاکٹر محمد عرفان اور دیگر نے اس نئے پراجیکٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ محمد سعید مغل نے کہا کہ ہماری کمیونٹی نے برطانیہ کے قوانین اور اصولوں کو مدنظر رکھ کر یہاں کی سیاست اور مختلف میدانوں میں اپنی قابلیت کے جوہر دکھائے، اسلامو فوبیا اور بڑھتے ہوئے مسائل سے نمٹنے کے لئے نوجوان نسل کو اعلیٰ تعلیم دلوانے کے ساتھ مقامی برطانوی سیاست میں حصہ لینا ہوگا۔ حاجی محمد ایوب انجم نے پراجیکٹ کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ اسلام مخالف سرگرمیوں کے قلع قمع کے لئے ہم اسلام کی درست چیزوں اور انسان دوستی پر مبنی تعلیمات کو عام کریں، اسلام کا اصل چہرہ دکھاکر بہتر انداز میں جواب دیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پراجیکٹ کے ذریعے جہاں ہم اسلام کا اصل تصور اور پیغام اہل مغرب تک پہنچا رہے ہیں، وہی نابینا اور بصارت سے محروم افراد کے لئے قرآن پاک سمیت اسلامی لٹریچر بھی تیار کروایا ہے۔ ہمارے مختلف سینٹرز میں نابینا افراد اسلام سیکھنے کے ساتھ ساتھ ہنرمندی سے بھی بہرہ مند ہورہے ہیں۔ دیگر نے کہا کہ ہمیں تعلیمات نبویؐ پر عمل پیرا ہوکر دیگر کمیونٹی اور مذاہب سے دوستانہ اور گہرے مراسم قائم کرکے اپنا پیغام ان تک پہنچانا ہوگا۔ نیوزی لینڈ میں دہشت گردی کا پرامن اور مہذب انداز میں جواب دیا جائے۔
تازہ ترین