• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوازشریف کو علاج کی سہولت دی جائے، ملک فتح

برمنگھم (نمائندہ جنگ) سابق وزیراعظم پاکستان اور قائد پاکستان مسلم لیگ ن میاں نوازشریف کو ذاتی معالج تک رسائی اور مناسب علاج کی سہولت نہ دینا ناصرف اخلاقی دیوالیہ پن ہے بلکہ بنیادی انسانی حقوق کی بھی خلاف ورزی ہے۔ میاں نوازشریف شدید بیمار اور عارضہ قلب میں مبتلا ہیں۔ جس پر اوورسیز کمیونٹی کو گہری تشویش ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ ن ہائوس برمنگھم میں منعقدہ دعائیہ تقریب سے صدر مڈ لینڈPMLNملک فتح خان، جنرل سیکرٹری چوہدری عارف اقبال، انٹر نیشنل مسلم فورم کے چیئرمین صاحبزادہ محمد رفیق چشتی سیالوی، صاحبزادہ فاروق القادری، ملک طارق، راجہ محمد اصغر، راجہ مشرف، راجہ سکندر اقبال، چوہدری محمد شکیل سمیت دیگر نے کیا۔ اس موقع پر صاحبزادہ محمد رفیق چشتی سیالوی نے سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کی صحت یابی کے لئے خصوصی دعا کرائی۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم میاں نوازشریف کی صحت یابی کے لئے دعا گو ہے اور اوورسیز کمیونٹی کو اس بات پر گہری تشویش ہے کہ انہیں علاج کی مناسب سہولتیں کیوں نہیں دی جارہی ہیں۔ ملک فتح خان نے کہا کہ تین بار منتخب رہنے والے وزیراعظم میاں نوازشریف کی صحت یابی کے لئے دعاگو ہیں اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ انہیں مناسب علاج کی سہولت دی جائے۔ چوہدری عارف اقبال نے کہا کہ انسانی ہمدردی کے تحت انہیں طبی سہولیات مہیا کی جائیں۔ صاحبزادہ فاروق القادری نے کہا کہ نیب کے کیسز اپنی جگہ لیکن ساتھ ساتھ صحت کی سہولتیں دینا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ راجہ سکندر خان نے کہا کہ سابق وزیراعظم کی صحت کو لے کر اوورسیز کمیونٹی گہری تشویش میں مبتلا ہے۔
تازہ ترین