• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی و سندھ یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز جبری رخصت پر بھیجےجائیں، فپواسا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) فیڈریشن آف آل پاکستان یونیورسٹیز اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن (فپواسا) نے جامعہ کراچی اور جامعہ سندھ کے وائس چانسلرز پروفیسر ڈاکٹر اجمل اور پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت کے رویئے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں کو جبری رخصت پر بھیجا جائے اور گزشتہ 2سال کی انتظامی بے قاعدگیوں، مالی بدعنوانیوں، زمینوں کی بندر بانٹ اور اقربا پروری کی مکمل تحقیق کی جائے ، دونوں کے رویئے پر تفصیلی خط وزیراعظم ، وزیر اعلیٰ سندھ، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو، صوبائی محتسب سندھ اور چیئرمین سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کو ارسال کیا جائے گا۔ اس بات کی منظوری صدر فپواسا سندھ ڈاکٹر انیلا امبر ملک کی سربراہی میں اجلاس میں کیا گیا جو شہید محترمہ بے نظیربھٹو میڈیکل یونیورسٹی لاڑکانہ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی سیکرٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈ ز ریاض الدین کی کارکردگی کو سراہا گیا اور ڈیپارٹمنٹ کے معاملات میں بہتری لانے کی کوششوں پر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ صاحب کا شکریہ ادا کیا۔اجلاس نے اس بات کا بھی مطالبہ کیا کہ ڈاکٹر اجمل کی دو سالہ بدترین کارکردگی پر نظر ثانی کرتے ہوئے انکے خلاف کارروائی کا آغاز کیا جائے۔ اجلاس میں شاہ عبدالطیف یونیورسٹی خیرپور میں موجود مالی بحران پر بھی غور کیا گیا اور مطالبہ کیا گیا کہ اس بحران کے خاتمے کے لئے حکومت فوری اقدامات کرے۔ اجلاس نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ پروفیسر نثار احمد صدیقی کی سربراہی میں قائم کمیٹی کی سفارشات اگر موصول ہوچکی ہیں تو انہیں جامعات کو فراہم کیا جائے وگرنہ مالی سال کے اختتام کو مد نظر رکھتے ہوئے پچھلے فارمولے کے تحت ہی یہ گرانٹ جامعات کے مابین تقسیم کی جائے۔ اس ضمن میں یہ بھی مطالبہ کیا گیا کے فپواسا سندھ کے صدر اور سیکرٹری کو بجٹ تقسیم کمیٹی کا حصہ بنایا جائے۔
تازہ ترین