• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کی مدد پر بھارتی تاجر چین سے ناراض، مصنوعات جلا دیں

کراچی (نیوز ڈیسک) چین کی جانب سے مسعود اظہر کو بین الاقوامی دہشت گرد قرار دیے جانے کی قراردار ویٹو کرنے اور پاکستان کی مدد کرنے پر بھارتی تاجروں کی تنظیم (سی اے آئی ٹی) نے ہولی سے قبل چین کی مصنوعات کو نذر آتش کرکے احتجاج کیا۔ ملک بھر کی ٹریڈ ایسوسی ایشنز نے دارالحکومت دہلی کے 1500؍ مختلف مقامات پر چینی مصنوعات جلا کر احتجاج ریکارڈ کیا۔ سی اے آئی ٹی کے سیکریٹری جنرل پراوین کھانڈیلوال نے چین کے اقدامات پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے تاجر ملکی معیشت کے چوکیدار ہیں اور اسلئے چین کے ساتھ مزید تجارت کی حوصلہ افزائی نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی تاجر ہر اس ملک کیخلاف ہیں جو بھارت کی قومی سلامتی کیخلاف ہے۔ سی اے آئی ٹی کی اپیل پر ملک بھر کے تاجروں نے چینی اشیاء کو نذر آتش کیا۔ دہلی میں چینی مصنوعات کا مرکز سمجھے جانے والے صدر بازار میں شہر کے مختلف حصوں سے آنے والے ہزاروں تاجروں نے احتجاج کیا، پاکستان کی مدد کرنے پر چین کیخلاف نعرے لگائے۔ سی اے آئی ٹی کے صدر بی سی بھارتیہ اور کھانڈیلوال نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ چین سے درآمدات فوری طور پر کم کی جائیں، حکومت چینی مصنوعات پر 300؍ سے 500؍ فیصد تک درآمدی ڈیوٹی عائد کرے اور بھارتی بندرگاہوں پر چینی مصنوعات کی سخت مانیٹرنگ کی جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ جن کے پاس چینی مصنوعات ہیں وہ ضبط کرکے انہیں 50؍ فیصد کم نرخوں پر نیلامی کے ذریعے فروخت کیا جائے۔

تازہ ترین