کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آج نیب کے سامنے پیش ہونے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کالعدم تنظیموں سے وابستہ وزراء کی برطرفی کے مطالبے پر مجھے نیب کا نوٹس مل گیا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ میرے مطالبے پر حکومت نے یہ ردعمل دیا ہے کہ مجھے ریاست مخالف کہا گیاہے، مجھے قتل کی دھمکیاں ملنا بھی اسی مطالبے پر حکومتی ردعمل ہے۔سوشل میڈیا پر پیغام میں بلاول نے کہا کہ کابینہ میں کالعدم تنظیموں سے وابستہ وزراء کی موجودگی تک حکومت کو کوئی سنجیدہ نہیں لے گا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ کالعدم تنظیموں کے تربیتی مراکز کی حمایت کرنے والے وزراء کو برطرف کیا جائے، انتخابی مہم میں کالعدم تنظیموں کی حمایت حاصل کرنے والوں کو برطرف کیا جائے۔ چیئرمین پی پی پی نے یہ بھی کہا کہ اگر حکومت انتہا پسندی کے خاتمے میں سنجیدہ ہے تو کالعدم تنظیموں کو یقین دہانیاں کرانے والوں کو فارغ کرے۔ دریں اثنا بلاول بھٹو زرداری نے قومی احتساب بیورو (نیب) کے سامنے پیش ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔