• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دل ٹوٹنے سے انسان کی جان جا سکتی ہے، ماہرین کی رائے

کراچی (نیوز ڈیسک) کیا دل کے ٹوٹنے سے انسان کی جان بھی جا سکتی ہے؟ ڈاکٹروں کے خیال میں ایسا ممکن ہے۔ اس حوالے سے تحقیق جاری ہے کہ کیا انتہائی صدمے کی صورت میں دماغ کا رد عمل دل کی شکل بدل سکتا ہے؟ برطانوی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، ڈاکٹروں کی رائے ہے کہ اگر دل ٹوٹنے کی وجہ سے کوئی شخص انتقال کر جائے تو اس کا ذمہ دار اس کا دماغ ہوتا ہے۔ اس حوالے سے ڈاکٹروں نے تحقیق کے دوران غم، غصے اور خوف کے اثرات کا جائزہ لیا جس سے معلوم ہوا کہ جذباتی دبائو دماغ کے چار حصوں سے پیغام رسانی کو متاثر کرتا ہے جس سے دل کو ایک مخصوص عارضہ لاحق ہو جاتا ہے جسے تاکوسوبو کہتے ہیں۔ اس بیماری کی وجہ سے دل کی شکل بدل جاتی ہے جس سے یہ ایک ایسے جاپانی برتن جیسی صورت اختیار کر لیتا ہے جسے آکٹوپس پکڑنے کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔ اس صورتحال کی وجہ سے دل کا دورہ پڑ سکتا ہے جو جان لیوا بھی ثابت ہو سکتا ہے۔ سوئٹزرلینڈ کی زیورخ یونیورسٹی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اب اس مرض کی تصدیق اور علاج تلاش کرنا باقی ہے۔  
تازہ ترین