• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ترکی آکر مسلمانوں پر حملہ کرنیوالا زندہ واپس نہیں جائیگا،ترک صدر

انقرہ (جنگ نیوز )ترک صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ ترکی آکر مسلمانوں پر حملہ کرنے والا زندہ واپس نہیں جائیگا،دہشتگرد برینٹن ٹرینٹ کے اسلحے پر موجود تمام عبارتیں ترکی کے خلاف سازشوں کا پتہ دیتی ہیں ، اگر اس میں ہمت ہے تو جو کہا ہے وہ کر کے دکھائے ،ہم نے بھی چوڑیاں نہیں پہن رکھیں ایسا سبق سکھائیں گے جو عمر بھر یاد رکھا جائے گا۔نیو زی لینڈ کے دہشتگرد حملے کی حساب دہی کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے ترک ضلع زونغولداق میں ایک عوامی جلسے سے خطاب میں کہا کہ کرائسٹ چرچ سانحے میں 50 شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور ہم اس معاملے کی تہہ تک ضرور پہنچیں گے ۔بعض عناصر کی ترک اور مسلم دشمنی واضح ہے جوکہ صدیاں گزر جانے کے باوجود اپنے دلوں میں کینہ پروان رکھےہوئے ہیں اور جن کا مقصد صرف مسلمانوں کا بے جا خون بہانا ہے لیکن میں مغربی دنیا سے دوبارہ کہہ دوں کہ اس معاملے کوخلوص دل، سنجیدگی اور نیک نیتی سے لیا جائے ورنہ خطرہ ہے کہ کہیں اس آگ کی چنگاریاں آپ کے گھروں کو بھی راکھ کا ڈھیر نہ کر دیں۔ انہوں نے فلسطینیوں کی جانب توجہ دلواتےہوئے کہا کہ اسرائیل نے آہستہ آہستہ فلسطینیوں کے تقریباً تمام علاقوں پر قبضہ کرتےہوئے اُنہیں ایک بالشت زمین کے ٹکڑے میں مقید کر دیا ہے۔اردگان نے نیو زی لینڈ حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ وہ اس دہشتگردانہ حملے کی تفتیش میں سنجیدگی کامظاہرہ کرے۔
تازہ ترین