• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خواتین کیلئے تعلیم اور کام کے مواقع ضروری ہیں،قائم مقام امریکی سفیر

اسلام آباد(نامہ نگار خصوصی)پاکستان میں امریکی قائم مقام سفیر پال جونز نے اس بات پر زور دیا کہ معاشروں کی ترقی کیلئے عورتوں اور لڑکیوں کیلئے تعلیم اور روزگار کے مواقع ، معیاری طبی سہولتوں اور ٹیکنالوجی تک رسائی بے حدضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنفی مساوات اور عورتوں کو بااختیار بنانا محض ترقی کا حصہ ہی نہیں ہے، بلکہ یہ ہر ملک کےترقیاتی اہداف کا مرکزی نقطہ بھی ہیں۔یہ بات انہوں نے بین الاقوامی ترقی (یوایس ایڈ) کے زیر اہتمام ’’پاکستان میں صنفی مساوات اورارتقاء پذیر روئیے‘‘ کے عنوان سے منعقد ہونے والے مباحثے کی ایک نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ موضوع پر اظہار خیال کرنے والوں کا کہنا تھا کہ پاکستان میں گزشتہ سات برسوں میں ایسے مردحضرات کی تعداد میں 15 فیصد اضافہ ہوا ہے جو یہ سمجھتے ہیں کہ عورتوں کو مساوی حقوق حاصل ہونے چاہئیں۔ یہ بات حال ہی میں صنفی مساوات کے حوالے سے کیے جانے والے ایک جائزے میں سامنے آئی۔ جائزے میں یہ بھی معلوم ہوا کہ 76فیصد پاکستانی مردحضرات اور90 فیصد عورتوں کے خیال میں خواتین کو کام کرنے کی اجازت ہونی چاہیے، یہ تعداد 2011ء سے اب تک گیارہ فیصد زیادہ ہے۔ جائزے میں رویوں اور عمل کے مابین پائے جانے والے تفاوت اور وہ رکاوٹیں بھی سامنے آئیں جو عورتوں کی معاشی اور سیاسی مواقع تک رسائی میں مانع ہیں۔ مجموعی طور پر پاکستان نے صنفی مساوات کے حوالے سے نمایاں ترقی کی ہے۔ اس مباحثے میں سول سوسائٹی، حکومت اور بین الاقوامی برادری سے تعلق رکھنے والے 70سے زیادہ نمائندوں نے شرکت کی۔شرکاء نے جائزے کے نتائج کا تفصیلی جائزہ لیا اور مزید پیشرفت کیلئے اپنی تجاویز پیش کیں۔
تازہ ترین