• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیوزی لینڈ کی وزیراعظم سے یورپ بہادری اور خلوص سیکھے

ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ یورپی رہنما نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن سےقیادت،بہادری اور خلوص کا سبق سیکھیں۔

امریکی اخبار میں لکھے گئے آرٹیکل میں ترک صدر نے نیوزی لینڈ میں دہشت گردحملے اور دیگر مسائل پر بات کی۔

انہوں نے کہا کہ بحیثیت لیڈر میں دہشتگردی کے واقعات پر مسلسل کہتا رہا ہوں کہ دہشتگردی کا کسی بھی مذہب، زبان اور نسل سے کوئی تعلق نہیں۔

اردوان کا کہنا تھا کہ کرائسٹ چرچ کے قتل عام کے ذمہ دار نے عالمی تاریخ کو مسخ اور عیسائی عقائد میں تحریف کرنے کی کوشش کی ہے۔

ترک صدر نے مغربی دنیا پر زور دیا کہ اسلام فوبیا اور نسل پرستانہ نظریات کو ختم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔

صدر رجب طیب ایردوان نے لکھا کہ مغربی رہنماؤں کو نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن کی جسارت، قیادت اور خلوص سے سبق سیکھنے اور اپنے ممالک میں مقیم مسلمانوں سے بغلگیر ہونے کی ضرورت ہے۔

جمعے کے روز کرائسٹ چرچ میں مساجد پر آسٹریلوی دہشتگرد کے حملے کے بعد نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے مسلم کمیونٹی سے سیاہ لباس پہن کر تعزیت کا اظہار کیا تھا۔

جیسنڈا آرڈرن نے حملے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کے لیے اسپتال کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے مسلم کمیونٹی سے ملاقات کی اور مسلم خواتین کو گلے لگا کر تسلی دی تھی۔

نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کے طرز عمل کو پوری دنیا نے سراہا تھا۔

واضح رہے کہ 15 مارچ کو کرائسٹ چرچ کی دو مساجد میں حملے میں 9 پاکستانیوں سمیت 50 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوئے تھے۔

تازہ ترین