• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کیخلاف نئی بھارتی جنگی تیاریاں عروج پر

کراچی (نیوز ڈیسک) پاکستان کیخلاف نئی بھارتی جنگی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں‘ہندوستان نے کنٹرول لائن پر پاک فوج کو نشانہ بنانے کیلئے اپنے فوجیوں کو جدیداسنائپر رائفلز سے مسلح کردیا‘یہ رائفلز فن لینڈ اور اٹلی سے خریدی گئی ہیں ‘بھارت نے فاسٹ ٹریک پروسیجر کے تحت امریکا کو بھی 72ہزار 400رائفلز کا آرڈردیدیا ہے جبکہ 16ہزار مشین گنز کی خریداری کیلئے انڈین فوجی حکام آئندہ ہفتے امریکا ‘بلغاریہ اور جنوبی کوریا کا دورہ کریں گے ۔ادھر امریکا سے ملنے والے چار چینوک ہیلی کاپٹرز 25مارچ کو بھارتی فضایہ میں شامل کئے جائیں گے ۔15چینوک ہیلی کاپٹرزکی خریداری کیلئے بھارت نے امریکا سے 3ارب ڈالر (4کھرب 20ارب روپے )کا معاہدہ کیاہے‘انڈیا کو مارچ 2020ءتک امریکا سے 22جنگی اپاچی ہیلی کاپٹرزبھی مل جائیں گے ۔تفصیلات کے مطابق امریکی کمپنی بوئنگ کے تیارکردہ 4چینوک ہیلی کاپٹرز آئندہ ہفتے بھارتی فضائیہ کا حصہ بنیں گے ‘یہ ہیلی کاپٹرزانڈیا کی فوجی صلاحیت میں اضافہ کا سبب بنیں گے کیوں یہ ہیلی کاپٹرز ہوئٹزرتوپوں اور بڑی تعدادمیں فوجیوں کو بلند مقامات اور جنگی محاذوں پرجلد پہنچانے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔15چینوک ہیلی کاپٹرزکی خریداری کیلئے بھارت نے 2015ء میں امریکا سے 3ارب ڈالر کا معاہدہ کیا تھا ۔ان میں سے چار بھارت کو فراہم کئے جاچکے ہیں ۔ ادھر ذرائع نے بھارتی ٹی وی کو بتایاہے کہ کنٹرول لائن پر تعینات ہندوستانی فوجی پاکستان آرمی کو جدیدترین اسنائپر رائفلوں سے نشانہ بنارہےہیں ‘یہ رائفلز مقبوضہ کشمیر میں تعینات بھارتی فوج کی ناردرن کمانڈ نے فاسٹ ٹریک پروسیجر کے تحت خودکو حاصل مالی اختیارات کے تحت براہ راست فن لینڈاور اٹلی سے خریدی ہیں ۔علاوہ ازیں ہندوستان نے واشنگٹن کو 72 ہزار 400رائفلز کی خریداری کا آرڈردیدیاہےجبکہ 16 ہزار لائٹ مشین گنزکی خریداری کیلئے بھارتی فوجی حکام آئندہ ہفتے امریکا ‘بلغاریہ اور جنوبی کوریا میں اسلحہ ساز کمپنیوں کا دورہ کریں گے ۔

تازہ ترین