• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ(مانیٹرنگ سیل)بلوچستان میں زیارت کی تحصیل سنجاوی میں لال کٹائی کے مقام پر لیویز چیک پوسٹ پر دہشتگروں کےحملے میں 6 اہلکار شہید اور متعدد زخمی ہوئے ہیں،جن کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے، دہشتگردوں نےزیارت کی تحصیل سنجاوی پرحملہ کیا،لیویزاورایف سی کی بھاری نفری نے علاقے کا گھیراؤ کرلیا۔ڈپٹی کمشنر زیارت قادر بخش پرکانی نے کہا کہ گزشتہ صبح زیارت کے علاقے سنجاوی میں مسلح دہشت گردوں نے لیویز کی چوکی پر حملہ کیا،حملے کے نتیجے میں چوکی پر موجود 6 لیویز اہلکار شہید ہو گئے،شہید اہلکاروں کی لاشیں سنجاوی کے ہسپتال منتقل کردی گئی ہیں،جبکہ دہشت گرد جائے وقوع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔دوسری جانب حملے کے بعد لیویز اور ایف سی کی بھاری نفری جائے وقوعہ پہنچ گئی ہے جہاں علاقہ کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔شہید اہلکاروں میں مہتاب الدین، سپاہی عبدالحکیم، سپاہی فقیر محمد، سپاہی محمد عثمان، سپاہی عبدالشکور اور سپاہی داد محمد شامل ہیں۔وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے لیویز اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اہلکاروں نے فرض کی ادائیگی کے لیے جام شہادت نوش کیا۔انہوں نے شہدا کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری سیکیورٹی فورس بہادری کے ساتھ دہشت گردوں کا مقابلہ کر رہی ہیں اور دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔

تازہ ترین