• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیسے نہیں، سبسڈی کا آپشن ختم، سخت اور مشکل فیصلے کررہے ہیں، مشیر تجارت

فیصل آباد(نمائندہ جنگ) وزیر اعظم کے مشیر برائے صنعت وتجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ حکومت کے پاس فنڈز نہیں ہے اس لئے سبسڈی کا راستہ بند کردیا ہے۔ ٹیکس وصولی میں کمی پر حکومت کو پریشانی ہوئی ہے۔ سابق حکومت نےانڈسٹری کیلئے سود مند معاہدے نہیں کیے ، موجودہ حکومت کو مشکل اور سخت فیصلے کرنا پڑ رہے ہیں۔ حکومت ٹیکسٹائل کیلئے عالمی مارکیٹ کھولنے پر کام رہی ہے ۔ چین سےفری ٹریڈ ایگریمنٹ ہونے جارہا ہے ،وزیراعظم اگلے ماہ چین جا رہےہیں جہاں اس معاہدے پر دستخط ہونگے ۔ نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی میں کانفرنس سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو میں عبدالر زاق داود نے کہا کہ صنعت کا پہیہ رواں دواں رکھنے کیلئے نئی انڈسٹریل اورٹیرف پالیسی بنائی جائے گی جس کا مقصد پیداواری لاگت کم کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انڈسٹری پر مختلف ٹیکس کم کیے ہیں جبکہ ٹیکسٹائل ٹیرف دیگر ہمسایہ ملکوں کے مساوی کیے ہیں ۔ اُن کا کہنا تھا کہ جدید مشینری اور ٹیکنالوجی کیلئے حکومت بھرپور مدد فراہم کرے گی، عالمی مارکیٹ میں مقابلے کیلئے سات خصوصی انڈسٹریل زون بھی بنائے جارہے ہیں،،عبدالرزاق داؤد کا کہناتھاکہ وزیر اعظم سترہ اپریل کو چین جارہے ہیں جہاں فری ٹریڈ ایگریمنٹ پر دستخط ہونگے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل پالیسی پر کام ہو رہا ہے ۔ ایکسپورٹرز کو ریفنڈز کی ادائیگی کا عمل شروع ہو گیا ہے اس سلسلہ میں 16 ارب روپے جاری ہو چکے ہیں مرحلہ وار ادائیگیاں کردی جائیں گی۔

تازہ ترین