• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جامعہ کراچی، 2پرو وائس چانسلرز کےتقرر کی سمری وزیراعلیٰ کو ارسال

کراچی( سید محمد عسکری) جامعہ کراچی کے انتظامی اور تعلیمی معاملات بہتر کرنے اور اساتذہ اور ملازمین کی شکایت دور کرنے کیلئے جامعہ کراچی میں 2؍پرو وائس چانسلرز کے تقرر کی سمری وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو بھجوادی گئی ہے۔ سمری میں ڈاکٹر جمیل کاظمی کو پرو وائس چانسلر برائے اکیڈمک معاملات اور ڈاکٹر خالد عراقی کو انتظامی امور کا پرو وائس چانسلر مقرر کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ سیکرٹری بورڈز و جامعات ریاض الدین نے تصدیق کی کہ وزیر اعلیٰ سندھ کو جامعہ کراچی میں 2؍ پرو وائس چانسلر مقرر کرنے کی سمری بھیجی گئی ہے اور چیف سیکرٹری سندھ ممتاز علی شاہ نے بھی اس سے مکمل اتفاق کیا ہے اور کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سمری پر Please Speakلکھ دیا ہے چنانچہ میں اس حوالے سے میں جلد ہی وزیر اعلیٰ سندھ سے مشاورت کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ 2؍ پرو وائس چانسلرز ہم موجودہ وائس چانسلر کی مدد کیلئے بھیج رہے ہیں تاکہ اختیارات تقسیم ہوں اور انہیں کام میں آسانی ہو۔ ادھر معلوم ہوا کہ چیئرمین سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر عاصم حسین نے بھی جامعہ کراچی میں پرو وائس چانسلر مقرر کرنے کی حمایت کی ہے۔ جنگ کو معلوم ہوا ہے کہ انجمن اساتذہ جامعہ کراچی کے اعلیٰ سطح کے وفد نے ڈاکٹر عاصم حسین سے ان کی رہاش گاہ پر طویل ملاقات کی تھی جس میں وفد نے جامعہ کراچی میں گزشتہ 2؍ برس کے دوران پیش آنے والی انتظامی اور تعلیمی دشواریوں کے حوالے سے ڈاکٹر عاصم حسین کو آگاہ کیا تھا۔
تازہ ترین