• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محکمہ انسداد دہشت گردی کی کارروائی،2دہشت گردگرفتار

پشاور(کرائم رپورٹر)محکمہ انسداد دہشت گردی خیبرپختونخوا نے تباہی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے خودکش بمبار سمیت 2 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا جن کے قبضہ سے ایک خودکش جیکٹ، راکٹ لانچر، آر پی جی گولے، ایک درجن آئی ای ڈی بم، ہینڈ گرینیڈز، 4 عدد پولیس یونیفارم اور دیگر دھماکہ خیز مواد برآمد کرلیا گیا ہے۔ محکمہ انسداد دہشت گردی پشاور ہیڈ کوارٹر سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ روز ایک خفیہ اطلاع پر انسداد دہشت گردی ڈیرہ اسماعیل خان ریجن نے کارروائی کرتے ہوئے جھوک حیات میں واقع ایک مکان پر چھاپہ مار کر وہاں سے دو دہشت گردوں سراج الدین ولد محمد دین ساکن شموزئی اور عماد ولد محمد خورشید ساکن گڑی کلارکن آزاد کشمیرکو گرفتار کرلیا۔ بیان کے مطابق گرفتار دہشت گردوں میں عماد خودکش بمبار ہے جس کو تنظیم کی جانب سے مکمل طور پر تیار کرلیا گیا تھا اور وہ پولیس وردی میں ایک بڑی واردات کرنے والے تھے۔ بیان میں بتایا گیا ہے کہ اس کارروائی کے دوران مکان سے ایک خودکش جیکٹ، 2 راکٹ لانچر، 12 آر پی جی گولے، 12 آئی ای ڈی بم، 4 ہینڈ گرینیڈ، 6 ڈیٹونیٹرز، 20 گز پرائمہ کارڈ اور 4 جوڑے پولیس کا مکمل یونیفارم برآمد کرلیا ہے۔ کارروائی کے بعد بم ڈسپوزل یونٹ نے مجموعی طو رپر 30 کلو گرام سے زائد بارودی مواد کے بم ناکارہ بنا دیئے۔گرفتار دہشت گردوں کو مزید تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے جن سے اہم انکشافات متوقع ہیں۔
تازہ ترین