• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیوزی لینڈ، فوجی طرز کے ہتھیار رکھنے پر پابندی کا اعلان

نیوزی لینڈ کی مساجد پر حملے کے بعد وزیر اعظم جیسنڈا آرڈن نے انقلابی اقدام اٹھاتے ہوئے فوجی طرز کے نیم خود کار ہتھیار رکھنے پر پابندی کا اعلان کر دیا۔

انہوں نے خود کار اور نیم خود کار رائفلز اور حملوں میں استعمال ہونے والے اسلحے کی فروخت پر بھی پابندی لگا دی۔

وزیر اعظم نیوزی لینڈ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مساجد پر حملے میں آٹومیٹک اور سیمی آٹو میٹک اسلحہ استعمال کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ایسے ہتھیار رکھنے والے افراد کے لیے 48 گھنٹوں میں فارم دستیاب ہو گا، پولیس تفصیل ملنے کے بعد انہیں تباہ کر دے گی۔

جیسنڈا آرڈن نے اس سلسلے میں عوام سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ضمن میں جلد قانون سازی کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم زیادہ گنجائش والے میگزین پر بھی پابندی لگائیں گے،اُن تمام پارٹس پر بھی پابندی لگائیں گے جو نیم خودکار یا کسی اور قسم کے ہتھیاروں کو فوجی طرز کے نیم خودکار اسلحے میں تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔

وزیر اعظم نیوزی لینڈ نے یہ بھی کہا کہ مختصراً میں بتادوں کہ گزشتہ جمعے کو دہشت گرد حملے میں جو نیم خودکار ہتھیار استعمال کیے گئے اُن پر نیوزی لینڈ میں پابندی ہوگی۔

تازہ ترین