• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیا گھر تعمیر کروانے کے بعدبھی چند مہینوں میں پلمبنگ کے مسائل سر اٹھانے لگتے ہیں۔ کبھی کہیں سے پانی رس رہا ہوتا ہے تو کبھی شاور میں پانی نہیں آتا۔ ان ساری پریشانیوں سے نمٹنے کے لیے آپ پلمبر کو بلاتے ہیں اور جب وہ ڈھیر سارا معاوضہ مانگتا ہےتو آپ حیرت میں پڑ جاتے ہیں۔ دراصل جس طرح گھر بنوانے سے پہلے مختلف امور پر غور کرکے اقدامات لیے جاتے ہیں، اسی طرح پلمبنگ کیلئے بھی سوچ بچارکرنے کی ضرورت ہوتی ہے اور کچھ عام غلطیوں سے بچ کر زندگی آسان بنائی جاسکتی ہے۔

پلمبنگ کا نظام

یہ نظام دو حصّوں پر مشتمل ہوتاہے۔ پہلے حصّے میں تازہ اور صاف پانی کو مطلوبہ جگہ تک پہنچانے کے لیے پائپ لگائے جاتے اور دیگر اشیا نصب کی جاتی ہیں پھر ان میں سے پانی گزارا جاتا ہے جبکہ دوسرا حصّہ استعمال شدہ گندے پانی اور دیگر کی نکاسی کے لیے لگائے جانے والے پائپ اور سامان کے نظام پر مشتمل ہوتا ہے۔

بہت زیادہ ٹائٹ کنیکشن

بہت زیادہ ٹائٹ کیے گئے پائپ، ٹیوب، فٹنگز اور ٹوائلٹ بولٹ بھی آپ کو مشکل میں ڈال سکتےہیں کیونکہ جوڑنے کے دوران یا پھر کچھ عرصے بعد ان کے ٹوٹنے کا خدشہ پیدا ہو جاتا ہے۔ ہو سکتا ہے کہ کچھ عرصہ تو حد سے زیادہ ٹائٹ کی ہوئی فٹنگز چل جائیں لیکن پانی یا نکاسی کے زیادہ پریشر سے ان میں کریکس پڑ سکتے ہیں، یہی حال کموڈ ز وغیرہ کا بھی ہو سکتاہے۔

ڈرین کلینر کی تنصیب

کچن یا باتھ سنک سے کچراباہر نکالنے کیلئے اسنیک یا باربڈ ڈرین کلیننگ ٹول(snake or barbed drain cleaning tool) استعمال کریں یا پھر P-trapکو ہٹاکر گند کو ہٹا دیں اوراسے واپس فکس کردیں۔ بہت سے لوگ پہلے لیکویڈ ڈرین کلینر کا انتخاب کرتے ہیں جو بہتر نہیں ہوتا، حقیقت یہ ہے کہ لیکویڈ ڈرین کلینرحل دینے کے بجائے مسائل زیادہ پیدا کرتا ہے کیونکہ اگر لیکویڈ کلینر سے گند نہیں صاف ہوتا ، تو آپ یا آپ کے پلمبر کو پورا ٹریپ آرم نکالنا پڑے گا، جو اوپر تک بھر چکا ہوگا۔ بہت زیاد ہ ڈرین کلینر کا استعمال پائپ اور میٹل ٹریپ کو نقصان پہنچا سکتا ہے اور لیکیج کا باعث بن سکتاہے۔ لیکویڈ ڈرین کلینر، ربر گیس کٹ (Rubber Gas Kit)کو بھی خراب کرسکتاہے، جو کپلنگ اسٹائل میں لگی ہوتی ہے۔ اگر ڈرین لائن میں کپلنگ ہیں اور آپ لیکویڈ ڈرین کلینر استعمال کررہے ہیں تو اس سے یہ کپلنگ خراب ہوجائیں گی اور مستقبل میں لیکیج کا سامنا ہوگا۔

پائپ کی صفائی

اگر آپ سنک کے پائپ کے گرد خالی جگہ نہیں چھوڑیں گے تو بند پائپ صاف کرنا خاصا مشکل ہوسکتاہے۔ اگر صفائی کرنے یا تبدیلی کے لیے اس پائپ تک رسائی ممکن نہ ہو تو ایک بند پائپ کو ٹھیک کرنے کے لیے آپ کو نئے سرے سے سارا نظام درست کروانا پڑےگا۔ اسی لئے صفائی والے پائپوں کے گرد جگہ چھوڑنا ضروری ہے۔

فٹنگ میں جگہ کا خیال

یہ بات کسی حد تک درست ہے کہ اکثرگھروں کے مالکان وقت سے پہلے پلمبنگ نظام کے بارے میں نہیں سوچتے اور اسی وجہ سے وہ پلمبنگ کی اشیا اور دیگر فٹنگز کے درمیان خالی جگہ چھوڑنابھول جاتے ہیں یا انھیں اس کی اہمیت کا اندازہ نہیں ہوتا۔ مثال کے طور پر باتھ ٹب کو ٹوائلٹ کے نزدیک رکھنے سے ان دونوں کا استعمال آرام دہ نہیں ہو گا اور شاید آپ کو اسے دوبارہ بنوانے پر خرچہ کرنا پڑجائے۔

ہر چیز نہ بہائیں

ہم میں سے اکثر لوگ بلا سوچےسمجھے نکاسی کے راستے میں کچھ بھی پھینک دیتے ہیںاور سمجھتے ہیں کہ یہ سب کچھ آسانی سے پانی کے ساتھ بہہ کر نکل جائے گا لیکن جب نکاسی کے نظام میں رکاوٹ آتی ہے تو ہم پلمبر کو ڈھونڈنا شروع کردیتے ہیں۔ دراصل بہت سی چیزیں ایسی ہوتی ہیں جو نکاسی کے راستے نکل نہیں پاتیں یا نکاسی کا نظام اِس کو نکال نہیں پاتا۔ فالتو اشیا کو کچن کے نکاسی کے راستے میں پھینکنے کے بجائے، اسے کسی خالی شاپر میں ڈال کر کوڑے دان میں ڈال دیں۔

خود کام کرنے کی کوشش کرنا

اگر آپ سمجھتے ہیں کہ بہت سے پلمبنگ کے کام خود بھی کرسکتے ہیں، تو آپ انھیں کر گزریںلیکن احتیاطاً موبائل سے تصاویر ضرور لے لیں کہ کونسا پائپ کہاں لگا تھا یا ا س کی فکسنگ کی شکل کیاتھی۔ اگر آپ کو ذرا سا بھی شبہ ہو کہ آپ سے یہ کام نہیں ہوپائے گا تو پھر پلمبر کی خدمات حاصل کرنے میں کوئی مضائقہ نہیں۔

ٹیپ لپیٹنے کا غلط طریقہ

ٹیفلون ٹیپ (PTFE thread tape)چوڑیوں کے گرد گھڑی کی سمت (Clockwise)گھمائیں تاکہ یہ صحیح کام کرے۔ لیکن بہت سے لوگ اس ٹیپ کو گھڑی کی مخالف سمت (anti-clockwise)لپیٹتے ہیں ، جس سے فٹنگز ٹائٹ ہو جاتی ہیں۔ پائپ یا ایلبو کی چوڑیاں گھڑ ی کی سمت بنی ہوتی ہیں۔ اس لئے اسی سمت میں ٹیپ لپیٹنے سے وہ اچھی طرح سیل ہو جاتی ہیں، بصورتِ دیگر پائپ یا ایلبو کو ٹائٹ کرنے میں سخت مشقت کا سامنا کرنا پڑسکتاہے۔ 

تازہ ترین