• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پلوامہ پر دنیا نے بھارت کا بیانیہ قبول نہیں کیا، وزیر خارجہ

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پلوامہ واقعے کو پاکستان سے جوڑنے پر بھارت کو ناکامی ہوئی ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سانحہ پلوامہ پر کسی نے بھارت کا بیانیہ قبول نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت او آئی سی کی نشست چاہتاہے لیکن مسلمانوں کا ذکر کرتےہوئے ان پر سکتہ طاری ہوجاتا ہے۔

  شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دنیا کو بھارت کے دہرے معیار کا نوٹس لینا ہوگا، سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس میں ملوث چاروں ملزمان کو بری کردیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ان ملزمان میں ایک سوامی اسی نند اعتراف جرم کرچکا تھا اسے بھی بری الذمہ قرار دے دیا گیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ چین کے ساتھ تعلقات ہمیشہ مثالی رہے، پلوامہ کے بعد پیدا ہونے والے بحران نے پھر ثابت کیا کہ چین لازوال دوست ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین ہر کڑے وقت میں چٹان کی طرح ساتھ کھڑا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ میں بہت سے انٹرنیشنل پلیئرز سے بات کرنے کےبعد یہ کہہ رہا ہوں کہ ہندوستان آئے دن پاکستان پر انگلیاں اٹھاتا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان سنجیدہ ہے، ہمیں ڈوزيئر ملا تھا، اس کا جائزہ لے رہے ہيں اس کے بعد دنیا کے سامنے پیش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملائيشیا کے وزیراعظم آج شام پاکستان آرہے ہيں جبکہ ترکی کے ساتھ مل کر او آئی سی کے وزرائے خارجہ کا اجلاس طلب کیا ہے۔

تازہ ترین